ن لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ کیوں ہے؟ ترجمان پنجاب حکومت نے دلچسپ دعویٰ کردیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے جو طریقے ایجاد کئے تھے وہ 1980 میں کئے تھے جن میں 1990 میں جدت لائی گئی ، اس لئے یہ لوگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) سے ڈرتے ہیں ۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حسان خاور کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ اور انتخابات میں میچ فکسنگ یہ مسلم لیگ ن کی ایجادات ہیں ، یہ لوگ شکست کے خوف سے ووٹ خرید رہے ہیں ، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینےمیں بھی ان کا یہی مسئلہ ہے کہ وہ بریانی کی پلیٹ یا دو ، دو ہزار کے عوض خریدا نہیں جا سکتا اس لئے یہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ۔
حسان خاور نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے الیکشن انجینئرنگ کیلئے نہ صرف ووٹ کو خریدا ، میڈیا کو دبایا بلکہ بلٹ اور بیلٹ کا رشتہ بھی متعارف کرایا ، انہیوں نے متنازعہ شخصیا ت کو پولیس میں بھرتی کرایا تا کہ انتخابات کے دوران وہ ان کی نہ صرف مدد کر سکیں بلکہ انتخابات کو پر تشدد بھی بنائیں ۔