تاریخی عمارتوں پر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے،عامر جان

تاریخی عمارتوں پر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے،عامر جان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(اپنے نمائندہ سے)کمشنر لاہور محمد عامر جان نے کہا ہے کہ آثارقدیمہ و عالمی ورثہ کی حامل لاہور کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ وہاں پر ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ کمشنر لاہور محمد عامر جان نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی آمد پر ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری سے ملاقات کی اور اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا کہ رم مارکیٹ کی منتقلی میں رکاوٹ کے اہم ترین مسائل حل کر لئے گئے ہیں۔پالیسی کے مطابق کاروبار کو بھی تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ رم مارکیٹ کو رنگ روڈ اور اس کی متعلقہ کاروبار والی مارکیٹ کے قریب منتقل کیاجائیگا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ رم مارکیٹ منتقلی سے بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ سمیت پورے تاریخی کمپلیکس کے گرد بفر زون یقینی ہوجائیگا اور اس علاقہ کا نظارہ صاف اور سرسبز ہوگا۔کمشنر لاہور نے کہا کہ عالمی ورثہ کی حامل عمارات کے علاوہ لاہور کی تمام تاریخی عمارات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائیگا جس کیلئے وہ فیلڈ وزٹ بھی کررہے ہیں۔لاہور کی تمام تاریخی عمارات میں ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے عمارات کو تحفظ حاصل ہونے کے علاوہ تاریخ اور ثقافت سے دلچسپی کا ذوق بھی مزید ترویج پائیگا۔

 لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر لاہور آفس کے افسران و اے سیز اور ڈائریکٹرز والڈ سٹی اتھارٹی لاہور نے شرکت کی۔