ملک و قوم کی ترقی کیلئے سودی نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا،جاوید قصوری

ملک و قوم کی ترقی کیلئے سودی نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا،جاوید قصوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی معاشی نظام کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے۔
 پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں ہی موجودہ حالات کی ذمہ دار ہیں۔ جھوٹے بیانیے دے کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے حقیقی تبدیلی ناگزیر ہے۔ سیاسی انتشار،افراتفری کے خاتمے، بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری طورپر انتخابی اصلاحات ناگزیر اور ملک و قوم کوعام انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔عو ام بدحال ہیں کسی کو بھی ان کی پرواہ نہیں مہنگائی بے روزگاری اورلاقانونیت نے حالات کو پہلے سے زیادہ خراب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے اتحادی حکومت برسراقتدارآئی ہے کوئی ایک بڑا پروجیکٹ بھی مکمل نہیں ہوا۔ صوبائی حکومیتں اوروفاق کے درمیان چوہے اوربلی کا کھیل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیلاجارہا ہے۔ سیاسی اجتماعات میں اداروں کا نام لے کر تنقید درست نہیں، اس سے ملک کے اندر اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گی اور نفرتوں کی آگ پھیلے گی۔اس پر قابو پانے کے لئے افہام و تفہیم سے کام لینا ہو گا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ ملک وقوم کسی بھی قسم کا محاذآرائی کے نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتے اس کے لئے ضروری  ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز دانشمندانہ فیصلے کریں۔