سندھ حکومت سے اچھے تعلقات قائم ہیں،کامران ٹیسوری 

سندھ حکومت سے اچھے تعلقات قائم ہیں،کامران ٹیسوری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


   کراچی (آن لائن)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سے اچھے تعلقات قائم ہیں سب مل کر شہر کی رونقیں بحال کریں گے میری اولین ترجیح بزنس کمیونٹی ہے بد قسمتی سے 75 برس بعد بھی ایسا لگتا ہے کہ آج ہجرت کرکے آئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کاٹی کے سرپرست ایس-ایم -منیر، صدر فراز الرحمن،چیئرمین / سی ای او محمد زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان،مسلم محمدی،سابق صدور و چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران و دیگر بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 1970 میں قائم ہونے والا یہ صنعتی علاقہ آج پاکستان کی معیشت میں ایک کلیدی مقام رکھتا ہے،5000 سے زائد انڈسٹریز، صنعت و تجارت کی سرگرمیوں میں تقریباً 1.5 ملین پاکستانیوں کا روزگار کورنگی انڈسٹریل ایریا سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان کے اہم ترین صنعتی کارخانے قائم ہیں،جن کی اکثریت ایکسپورٹ انڈسٹری سے وابستہ ہے اور پاکستان کے لئے زرمبادلہ کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی کا اہم معاشی حب ہے اس ادارے اور انڈسٹریل ایریا کی مضبوطی و خوشحالی پاکستان کے معاشی استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کی سب سے بہتر تدبیر صنعت کاروں اور تاجروں کی ہی ہوسکتی ہے،میں صنعتکاروں کے مسائل سے مکمل واقف ہوں،اس ہی لئے آج میں آپ کے پاس گورنر کی حیثیت سے نہیں بلکہ تاجر برادری کے سفیر کے طور پر حاضر ہوا ہوں،صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان میں آپ کے سفیر کے طور پر اپنا فعال کردار ادا کررہا ہوں،میری کوشش ہے کہ کاٹی ممبران کے تحفظات اور سفارشات وفاق اور صوبوں تک پہنچاؤں اور ان کو جلد از جلد حل کروانے میں اپنا موثر کردار ادا کروں انہوں نے کہا کہ یہاں موجود اکثر لوگ جانتے ہیں کہ میری روزِ اول سے کوشش ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کو جلد از جلد حل کرواسکوں۔ 
کامران ٹیسوری 

مزید :

علاقائی -