طالبات کو ڈگری حاصل کرنے کیساتھ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ویمن یونیورسٹی کا مشن: ڈاکٹرشاہانہ 

    طالبات کو ڈگری حاصل کرنے کیساتھ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ویمن یونیورسٹی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

       صوابی (محمد شعیب سے)وومن یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ طالبات کو ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ویمن یونیورسٹی کا مشن بن گیا ہے۔ہم انہیں سکھاتے ہیں کہ مردوں کی اس دنیا میں خواتین بھی کسی سے کم نہیں ہیں وہ مردوں کے ساتھ  شانہ بشانہ کام کرسکتی ہیں۔ شعبہ آرٹس کے علاوہ ہر شعبے میں ہماری بچیاں اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں  نے شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن، ضلعی انتظامیہ صوابی اور سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے خواتین پر تشدد کے حوالے سے منعقدہ ایگزیبیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد اس ٹیکنالوجی کے دور میں بھی ہورہا ہے جس کے لئے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے آج کی یہ ایگزیبیشن بھی اس کی بنیادی کڑی ہے جس میں ہماری طالبات نے یہ پیٹنگ کے ذریعییہ بتانے کی کوشش کی ہے خواتین پر کس طرح تشدد کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کو طاقت ور بننے کے لئے انہیں بزنس میں آنا ہوگا جب وہ خود کفیل ہوں گی تو انہیں کوئی خوف نہیں ہوگا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی حاجی رنگیز کا کہنا تھا کہ ہر جگہ پر خواتین کے حقوق اور تشدد کی بات کی جاتی ہے حالانکہ مرد اس سے زیادہ مظلوم ہے اس کو بھی اپنے حقوق کی جنگ لڑنی پڑ رہی ہے۔اس لئے اب یہ بھی ضروری ہوگیا ہے کہ مردوں کے حقوق کے لئے بھی آواز اٹھائی جائے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صوابی نے خطاب کرتے ہوئے بچیوں کے بنائے گئے فن پاروں کی تعریف کی اور کہا کہ ہماری نئی نسل میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے اور یہی چیز انہیں مستقبل میں کامیاب اور سرخرو کرے گی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی عدنان ممتاز خٹک نے یونیورسٹی  کی انتظامیہ کی  خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ویمن یونیورسٹی صوابی اپنی طالبات کی بہترین حوصلہ افزائی میں پیش پیش ہے جس کی واضح مثال ان کے لئے ایسے ایونٹس کا انعقاد ہے جس میں ان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آجاتی ہیں تقریب کے آخر میں سوشل ویلفئیر کے ظفر علی نے بھی خطاب کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبات میں سرٹیفیکیٹس اور شیلڈ تقسیم کئے بعد ازاں مہمانان نے پینٹنگز اور سٹال کا معائنہ کیا