ریکوڈک صدارتی ریفرنس پر دلائل مکمل، سپریم کورٹ آئندہ ہفتے رائے سنائے گی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریکوڈک صدارتی ریفرنس پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر رائے محفوظ کر لی،5 رکنی لارجر بنچ نے صدارتی ریفرنس پر رائے محفوظ کرلی ،عدالت صدارتی ریفرنس پر رائے آئندہ ہفتے دے گی ۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ عدالت صدارتی ریفرنس پر رائے دیتے ہوئے بنیادی حقوق کے معاملے پر محتاط رہے گی،صدر نے ریکوڈک معاہدے کے قانونی چیلنجز پررائے مانگی، ریکوڈک کیس میں حقیقت یہ ہے کئی ارب ڈالرز کا جرمانہ پاکستان پر ہے ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ ریکوڈک معاہدے میں وفاقی حکومت نے آئین و قانون کی پاسداری کی،خوشی ہے معاہدے میں بین الاقوامی معیار کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ ریکوڈک ریفرنس میں کسی جانب سے معاہدے کو غیرقانونی نہیں کہاگیا، تمام وکلا اس بات پر رضا مند ہیں ریکوڈک شفاف، عوامی معاہدہ ہے ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ریکوڈک معاہدے پر 3 سال تک مذاکرات ہوئے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ تمام عدالتی معاونین، ایڈیشنل اٹارنی جنرل وکلا کے شکرگزار ہیں ۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ریکوڈک صدارتی ریفرنس پر17 سماعتیں کیں۔