ٹی ٹی پی کا حکومت کے ساتھ سیز فائر کا معاہدہ ختم، اپنے جنگجوﺅں کو حکم دے دیا

ٹی ٹی پی کا حکومت کے ساتھ سیز فائر کا معاہدہ ختم، اپنے جنگجوﺅں کو حکم دے دیا
ٹی ٹی پی کا حکومت کے ساتھ سیز فائر کا معاہدہ ختم، اپنے جنگجوﺅں کو حکم دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ سیز فائر کا معاہدہ ختم کرتے ہوئے اپنے شدت پسندوں کو ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق کالعدم تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”کئی علاقوں میں چونکہ تنظیم کے خلاف فوجی آپریشنز جاری ہیں، لہٰذاآپ کے لیے بھی ناگزیر ہے کہ آپ جہاں بھی حملہ کر سکتے ہیں کریں۔“
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”بنوں کے علاقے لکی مروت میں تنظیم کے خلاف مسلسل آپریشنز جاری ہیں، جس کے بعد ہم نے بھی ملک بھر میں حملے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے پاکستان کے عوام کو بارہا متنبہ کیا اور مسلسل صبر کا مظاہرہ کیا کہ مذاکرات کا عمل ہماری طرف سے متاثر نہ ہو۔تاہم فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے حملے نہیں روکے۔“
رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ حکومت اور ٹی ٹی پی کے مابین مذاکرات گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئے تھے اور دسمبرمیں ان میں رکاوٹ آ گئی۔ اس کے بعد رواں سال مئی میں ایک بار پھر مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا۔ فوج کے ساتھ سیز فائر کا معاہدہ ستمبر میں ختم ہونے کے بعد ٹی ٹی پی کے حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم اب تک یہ حملے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کیے جا رہے تھے۔