جنرل باجوہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد تحریک انصاف کے رہنما نے انہیں" میر جعفر" قرار دے دیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ریٹائر ہوتے ہی انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور نے میر جعفر قرار دے دیا۔جنرل باجوہ کی ریٹائرمنٹ کے دن تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر "یوم نجات 29 نومبر" کا ہیش ٹیگ چلایا جا رہا ہے جو ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ہیش ٹیگ کے تحت پی ٹی آئی کے حامی جنرل باجوہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جن میں مرکزی قیادت بھی شامل ہوچکی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے اپنے ٹویٹ میں لکھا " وہ کون تھا، وہ میر جعفر باجوہ تھا۔"
Woh koan tha , woh mir jaffer bajwa tha #یوم_نجات_29_نومبر
— Ali Amin Khan Gandapur (@AliAminKhanPTI) November 29, 2022
خیال رہے کہ عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی حکومت کو امریکی سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے متعدد بار کہا کہ ان کی حکومت ختم کرنے میں امریکہ کا ساتھ اندر کے "میر جعفر" نے دیا تھا۔
یہاں یہ بھی یاد رہے کہ میر جعفر بنگال کے نواب سراج الدولہ کے آرمی چیف تھے جو عین میدان جنگ میں پارٹی بدل کر انگریز کے ساتھ شامل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے نواب کو جنگ پلاسی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میر جعفر کا یہ اقدام ہندوستان میں انگریز کی مضبوطی کی بنیاد بنا اور انہوں نے اس کے بعد ہندوستان پر لگ بھگ 200 سال تک حکومت کی۔ میر جعفر کے حوالے سے آپ تفصیلی طور پر" ڈیلی پاکستان ہسٹری" پر دی گئی اس ویڈیو میں جان سکتے ہیں۔