موٹر سائیکل سواروں کو تلاشی کیلئے رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ، ایک حملہ آور زخمی

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) راولپنڈی میں موٹر سائیکل سواروں کو تلاشی کیلئے رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہو گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے زیر استعمال موٹرسائیکل، اسلحہ ، موبائل فونز اور نشہ آور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اقدام قتل، منشیات ، ناجائز اسلحے کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ڈولفن ٹیم نے چیکنگ میں رکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ مفرور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچنگ جاری ہے۔