ہماری غلطیوں سے عمران کی سختیاں بڑھ گئیں، مرکزی قیادت ذمہ دار: شوکت یوسفزئی
پشاور(آئی این پی) پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی، بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سختیاں بڑھ رہی ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی قیادت پر عائد ہوتی ہے، سانحہ ڈی چوک کو قومی اور بین الاقوامی فورم پر اٹھا رہے ہیں، شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سختیاں بڑھ رہی ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کا شوہر بغیر جرم کے جیل میں ہے وہ کیوں نہ سڑک پر نکلتیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہیکہ باقی لیڈر شپ نے کیا کیا، مرکزی لیڈر شپ کہاں تھی،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سنگجانی میں دھرنا دینے کی اجازت دی تو اس پر عمل کیوں نہیں ہوا، ہمیں اللہ نے بہت بڑا موقع دیا جو ہم نے ضائع کر دیا، اگر مشاورت کے ساتھ آگے بڑھتے تو آج نتائج کچھ اور ہوتے۔ جو ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پرعائد ہوتی ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ سانحہ ڈی چوک کو قومی اور بین الاقوامی دونوں فورم پر اٹھایا جارہا ہے، حقیقی آزادی کی خاطر قربانی دینے والوں کے خون کا پورا حساب لیا جائے گا۔ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا ہر دور ظلم و بربریت کی داستانوں سے بھرا پڑا ہے، ہر دور کا ظلم پچھلے دور کا ظلم بھلا دیتا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین کو نشانہ بنایا گیا تھا اب ڈی چوک میں نہتے کارکنوں پر گولیاں برسائی گئیں۔
شوکت یوسف زئی