سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا، ڈالر، سونا بھی سستا

  سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا۔کاروباری ہفتے کے چو تھے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث 100 انڈیکس 813 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 82 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ایک وقت پر 100 انڈیکس ایک ہزار 77 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 346 پوائنٹس تک پہنچ گیا، پا کستا ن سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ کی سطح عبور کی۔سٹاک مارکیٹ میں 28 ارب 55 کروڑ 70 لاکھ 44 ہزار 917 روپے مالیت کے 55 کروڑ 59 لاکھ 37 ہزار 638 شیئرز کا لین دین ہوا۔ دوسری جانب تبادلہ مارکیٹ میں بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں جمعرات کو بھی ڈالر 6 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 277 روپے 90 پیسے پر آگئی۔ ادھر پاکستان میں آئندہ مہینوں میں ڈالر کی قیمت سے متعلق بڑی پیشگوئی سامنے آگئی، ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر بلندی کی طرف جانے لگا اور دوبارہ سے 278 روپے کی نفسیاتی حد کو عبور کر گیا تاہم پاکستان کی کرنسی مارکیٹ کے ما ہرین کے مطابق مستقبل قریب میں ڈالر کی قدر بڑھنے کے امکانات زیادہ نہیں،گذشتہ چند روز میں جو ڈالر کی قیمت کچھ پیسے بڑاضافہ ہواوہ عارضی رجحان ہے اور مستقبل قریب میں اس میں واضح کمی ہو گی، اگر کوئی بڑی تبدیلی رونما نہ ہوئی تو طویل المیعاد بنیادوں پر ڈالر کے نرخ نیچے آئیں گے،گذشتہ کئی ماہ میں حکومت نے ڈالر کی قیمت کو کم رکھنے کیلئے بہتر ین حکمتِ عملی اپنائی اور کئی شعبوں کی مخالفت کے باوجود اس کو سپورٹ فراہم کی، اگر یہ مثبت اقدامات جاری رہے، حوالہ و ہنڈی کو قابو میں رکھنے کی حکمتِ عملی جاری اور ملکی صورتِحال بھی یہی رہی تو ڈالر کی قیمت نمایاں طور پر کم ہو گی،بعض ماہرین کا خیال ہے اگر یہی رحجانات برقرار رہے تو دو سے تین ماہ میں ڈالر 250 روپے کا ہو جائیگا۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کا رحجان ہے اور قومی اور بین الااقوامی حالات اشارے دے رہے ہیں کہ اس میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔دوسری طرف مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ جمعرات کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 700روپے کی کمی سے 275200 روپے کی سطح پر آگئی اور دس گرام سونے کی قیمت بھی 600روپے کے اضافے سے 235940روپے کی سطح پر آگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3400روپے اور 10گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2914.95 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7ڈالر کی کمی سے 2640ڈالر کی سطح پر آگئی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ اول -