ڈکیتی مزاحمت پر 22 سالہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج
کراچی (سٹاف رپورٹر) ڈکیتی مزاحمت پر 22سالہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، بھائی نے بتایا ہم نے ایک ڈاکو کو پستول سمیت پکڑ ا تو فائرنگ سے یعقوب جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر22 سالہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔تھانہ سکھن میں مقدمہ قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مدعی مقدمے نے بتایا کہ بھائی یعقوب کو کل شام موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے روکا اور موبائل چھینا، یعقوب ہماری طرف دوڑا اور آواز لگائی کہ موبائل فون چھین لیا۔مدعی شکیل کے مطابق ہم نے دوڑ کر ایک ڈاکو کو پہلے پستول سمیت پکڑ ا تو فائرنگ سے میرا بھائی یعقوب جاں بحق جبکہ مظہر زخمی ہوا۔مقدمے کے مطابق گرفتارڈاکو کو ہم نے پولیس کے حوالے کردیا جبکہ موٹر سائیکل سوار دوسرا ڈاکو پولیس نے زخمی حالت میں پکڑا، جو اسپتال میں ہلاک ہوگیا۔پولیس حکام نے بتایاکہ گرفتار ڈاکو سے مزید تفتیش جاری ہے، مقتول یعقوب ٹنڈو آدم کا رہائشی تھا تاہم لواحقین لاش لیکر آبائی علاقے روانہ ہوگئے۔