اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا اے ٹی سی کا فیصلہ معطل کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئرصحافی مطیع اللہ جان کے 2روزہ جسمانی ریمانڈکا فیصلہ معطل کر دیاگیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کئے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ مطیع اللہ جان کو اب جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے،وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ آج ہی مطیع اللہ جان کی درخواست ضمانت دائر کی جائے گی۔
قبل ازیں ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے صحافی مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے موقف اختیار کیا ہے کہ صحافی مطیع اللہ جان کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ایمان مزاری نے کہا کہ ’ہماری استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہی ہو۔ اگر آج سماعت نہ ہوئی کل یا پیر کو ہوئی تو ہماری درخواست غیر موثر ہو جائے گی۔