راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلاء کی ملاقات کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی چینل" ایکسپریس نیوز" کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا ءکی ملاقات کے معاملے میں انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا ءنے انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست دی تھی۔عدالتی ہدایت کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری عدالتی احکامات لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک، غلام حسنین سنبل اور راجا متین کی ملاقات کے لیے احکامات جاری کیے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزم اس وقت عدالتی تحویل میں نہیں، راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہے۔ وکلاء ملزم کا حالیہ جسمانی ریمانڈ چیلنج کرنا چاہتے ہیں، تفتیشی افسر سے ملاقات کروائی جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار مقدمہ کے تفتیشی آفیسر سے رابطہ کریں اور سپرنٹنڈنٹ جیل وکلاء کو تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے کے تفتیشی افسر تک رسائی دے۔