بشریٰ بی بی کے سیاسی کردار کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کی بڑی بہن روبینہ خان کا بیان آ گیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بشریٰ بی بی کے سیاسی کردار کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کی بڑی بہن روبینہ خان کا تہلکہ خیز بیان آ گیا۔
سوشل میڈیا پر دیئے گئے بیان میں روبینہ خان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی جیل سے آنے کے بعد سیاست میں متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔بشریٰ بی بی کا سیاست میں کردار ادا کرنا کوئی نئی بات نہیں، پنجاب میں بزدار اور فرح گوگی کے ذریعے نظام کو چلانا سب کے سامنے ہے۔ مشال یوسف زئی کو بشریٰ بی بی کی نئی فرح گوگی کہا جا رہا ہے۔ جیل میں ہوتے ہوئے بھی بشریٰ بی بی مبینہ طور پر مشال یوسفزئی کے ذریعے سیاست کرتی رہیں، بشریٰ بی بی فیصلہ سازی اور تقرریاں کرنے میں شامل رہی ہیں، مارچ کے دوران علی امین گنڈاپور کے ساتھ اعلانات اور خطاب کرتی رہی ہیں۔
"جنگ " کے مطابق روبینہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں سیاست میں نہ ہیں نہ پہلے تھیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا سیاست میں کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ہمارا کام بھائی کو نقصان سے بچانا اور ساکھ قائم رکھنا ہے، جیل سے جاری بانی پی ٹی آئی کے بیانات کو صحیح طریقے سے سامنے لانا ہے، ہم سب بہنوں کا کسی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، بہنوں کی حکومتی عہدے کے ذریعے مال کمانے کی قطعی خواہش نہیں۔
روبینہ خان نے کہا کہ نئے اور پرانے پاکستان میں یہی فرق ہے، ہمیشہ کہا کہ پرانے پاکستان کی گندگی سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔