اسلام آباد میں جو کچھ ہوا ٹھیک نہیں تھا، پی ٹی آئی میں سب دہشت گرد نہیں: حسن مرتضیٰ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں سب دہشت گرد نہیں، حکومت کا فرض ہے کہ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش کرے۔
حسن مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنےکے زوال میں کسی کا ہاتھ نہیں بلکہ اس پارٹی کا اپنا ہاتھ ہے، ہم نے ضیاء مارشل لاء دیکھا لیکن کبھی اداروں کی بات نہیں کی، ہم آج بھی کہتے ہیں کہ جنرل ضیاء جمہوریت دشمن تھے۔ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے نظریات پر کھڑی ہے، 27 دسمبر پیپلز پارٹی کے لیے سیاہ ترین دن ہے، ملک میں موجود فتنہ اور انتشار زوال پذیر ہو رہا ہے۔
"جنگ " کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا ٹھیک نہیں تھا، ایک وزیرِ اعلیٰ، ایک مجرم کو چھڑوانے کے لیے وفاق پر چڑھائی کرتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ 30 نومبر کو بھرپور طریقے سے پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس منایا جائے گا، ہم پارٹی کو پنجاب میں مضبوط کریں گے۔