پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی ایک اور قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

Nov 29, 2024 | 07:26 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی ایک اور قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پر پابندی کی قرار داد مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمی کارداد کی جانب سے جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیاہے کہ  ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی ملک بھرمیں افراتفری پھیلانےکی مذموم کوشش کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، پی ٹی آئی نے پر تشدد احتجاج سے ملک بھر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤکیا،  پی ٹی آئی نے پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی  کیا، کےپی کے وزیراعلیٰ نے دو بار وفاق پر لشکر کشی کی،  وفاق پر چڑھائی میں سرکاری ملازمین، اسلحہ، ٹیئر گیس اور سرکاری مشینری استعمال ہوئی۔

قرار داد کے متن میں کہا گیاہے کہ  اس انتشار پسند ٹولے نے گاڑی سے روند کر رینجر کے جوان شہید کیے،  دو پولیس کانسٹیبل بھی شہید کردیئے گئے،  ایک دفعہ 9 مئی والے حالات پیدا کرنے کی  مذموم کوشش کی،  ایک دفعہ پھر عوام کو ورغلا کر اداروں کیخلاف کھڑا کیا  اور حملہ کیلئے اکسایا،  ان شرپسندوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کو ہوا میں اڑا دیا۔

متن کے مطابق سٹاک ایکسچینج اس کریش کی وجہ سے چار سو پوائنٹ گر گئی،  بیلاروس کا وفد ہو یا شنگھائی کانفرنس اس فتنہ انگیز پارٹی نے ہر موقع پر پاکستان کو بدنام  کیا، ایف ڈی آئی کی راہ میں رخنے ڈالنے کی مذموم کوشش کی،  پاکستان اب مزید اس شرانگیزی کا متحمل نہیں ہو سکتا،  یہ ایوان وفاقی حکومت سے تحریک انصاف پر فوری پابندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

مزیدخبریں