لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئی سی سی بورڈ ممبرز کا ورچوئل اجلاس صرف آدھا گھنٹہ جاری رہنے کے بعد ملتوی کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور معلوم ہوا تھا کہ آئی سی سی کے بورڈ کا اجلاس کل دوبارہ ہو گا تاہم آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے میں دوبارہ اجلاس کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی بلکہ یہ کہا گیاہے کہ آئندہ چند روز میں دوبارہ ہو گا ۔
آج ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں تمام بورڈز سے ون لائنر تجاویز پوچھی گئیں ، تمام بورڈز ممبران نے چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے آج کے مختصر اجلاس میں چند تجاویز دیں۔پہلے اجلاس میں ہائبرڈ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا اور ذرا سی بھی لچک نہیں دکھائی گئی ۔پاکستان نے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اپنے موقف کے حوالے سے بریفنگ دی ، جس کے بعد آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے معقول حل تلاش کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے قابل قبول فارمولا کل تک سامنے آنے کا امکان ہے۔