اوکاڑہ میں اپنی طرز کے پہلے اور منفرد 80 کنال ایریا پر مشتمل جدید ڈمپنگ سائٹ کا افتتاح

Nov 29, 2024 | 10:35 PM

اوکاڑہ ( ڈیلی پاکستان اان لائن )وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب بھر کے اضلاع میں صفائی ستھرائی کے عمل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتطامیہ اوکاڑہ آج پنجاب بھر پر بازی لے گئی۔ اوکاڑہ میں اپنی طرز کے پہلے اور منفرد 80 کنال ایریا پر مشتمل جدید ڈمپنگ سائٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ایم پی اے میاں محمد منیر اور ڈی پی او راشد ہدایت کے ہمراہ 6/4 ایل میں پنجاب میں اپنی طرز کی پہلی اور نئی تیار شدہ ڈمپنگ سائیٹ کا افتتاح کردیا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے عوامی خدمت کے لیے ڈمپنگ سائٹ کے منفرد منصوبے اور اس کی افادیت کے بارے  میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈمپنگ سائٹ 5 ایکڑ کے وسیع رقبہ پر تیار ہے اور مزید 5 ایکڑ رقبہ پر اسکی توسیع کی جائے گی۔ اس ڈمپنگ سائٹ کی بدولت آئندہ 10 سال تک شہر کے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا مسئلہ حل ہو جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر 228 ٹن کوڑا کرکٹ یہاں ڈمپ کیا جائے گا۔ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران نے ڈمپنگ سائیٹ کی تکمیل کے لیے کاوشوں بارے بتایا۔ 

رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ ستھرا پنجاب مہم پر صوبہ بھر کی عوام وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ عوام کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب عملی طور پر اقدامات کر رہی ہے اور آج اہل اوکاڑہ کے لیے آج انتہائی خوشی کا دن ہے۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ ڈمپنگ سائیٹ کے منصوبے کی تکمیل کے لیے عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر محنت سے کام کیا۔ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر کو ٹھکانے لگا کر عوام کو صاف ستھرے ماحول کا تحفہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مقامی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے عوامی خدمت کا عمل جاری رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ڈمپنگ سائیٹ کی تعمیر سے عوام کو تعفن، آلودگی اورگندگی سے پاک ماحول میسر ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی کے اہلکار محنت سے کام کرتے ہوئے شہر کے کوڑے کرکٹ کو ڈمپ کریں۔

رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مضر صحت سموگ کی روک تھام کے لیے بہترین انداز میں کام کیا۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت بھی عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھیں اور جا بجا کوڑا کرکٹ پھینکنے کی بجائے مقررہ پوائنٹس پر کوڑا رکھیں تاکہ ان کو ڈمپنگ سائیٹ پر تلف کیا جا سکے۔

 ڈمپنگ سائیٹ کی افتتاحی تقریب کے شرکا ءنے کوڑا کرکٹ کو ڈمپ کرنے کے عملی مظاہرے کا بھی مشاہدہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ احسن ممتاز، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں