سمندر پار پاکستانیوں کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں: بیرسٹر امجد ملک 

Nov 29, 2024 | 10:46 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وائس چئیرپرسن اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اپنا دفتر ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اس دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ اس دفتر کا مقصد پنجاب حکومت اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے اور ان کے مختلف مسائل کے حل کے لیے آسان اور مؤثر طریقے فراہم کرنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اس دفتر میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے حقوق کے تحفظ، قانونی معاملات، جائیداد کے مسائل اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں ہمہ وقت معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب اپنے غیر ملکی شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں بہت سنجیدہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی اپنے مسائل کو فوری طور پر حل کروا سکیں اور انہیں حکومت سے براہ راست مدد ملے۔

 بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیح ہے کہ وہ اس دفتر کی مدد سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک ہی جگہ پر مختلف خدمات فراہم کرے، جس میں آن لائن اور براہ راست ملاقات دونوں طریقوں سے معاونت شامل ہے۔ یہ دفتر ان مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط اور شفاف طریقہ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کا مقصد اپنے بیرون ملک مقیم شہریوں کو مہیا کی جانے والی سروسز کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

مزیدخبریں