کم آمدنی والے طبقہ کے لئے مہنگائی کی شرح 0.15 فیصد بڑھ گئی

کم آمدنی والے طبقہ کے لئے مہنگائی کی شرح 0.15 فیصد بڑھ گئی

اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں کم آمدنی والے طبقہ کے لئے افرط زر کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا ہے، 8 ہزار روپے ماہانہ تک کی آمدنی والے طبقہ کے لئے قیمتوں کا حساس عشاریہ (ایس پی آئی) 211.86 پوائنٹس سے بڑھ کر 212.18 پوائنٹس ہو گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 27 اکتوبر کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران کمبائنڈ گروپ کے لئے افراط زر کی شرح میں 0.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس دوران ایس پی آئی 220.59 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ہفتے 220.35 پوائنٹس تھا۔ گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں کمبائنڈ گروپ کے لئے ایس پی آئی میں 0.51 فیصد اضافہ ہوا۔ ہفتہ وار افراط زر کا تعین 17 شہری مراکز میں 53 اشیائے ضروریہ کے بنیاد پر کیا گیا ہے۔ 8001 روپے سے 12000 روپے، 12001 روپے سے 18000 روپے، 18001 روپے سے 35000 روپے اور اس سے زائد آمدنی کے حامل مختلف گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.13 فیصد، 0.12 فیصد، 0.11 فیصد اور 0.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران 7 اشیائے ضروریہ کی قمیتوں میں کمی اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 32 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

مزید : کامرس