ترک ایجنسی گارمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے جدید مشینری فراہم کررہی ہے

ترک ایجنسی گارمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے جدید مشینری فراہم کررہی ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( کامرس رپورٹر):چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( TIKA ) گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹاؤن شپ میں گارمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے جدید مشینری و آلات فراہم کررہی ہے۔ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات کر لئے ہیں۔1500نوجوان سالانہ گارمنٹس کے متعلقہ کورسز بشمول انڈسٹریل اسٹچنگ مشین آپریٹر ، ڈینم واشنگ ایکسپرٹ اورڈینم ڈرائی فنشنگ ایکسپرٹ شارٹ کورسز میں تربیت حاصل کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹاؤن شپ میں گارمنٹ انسٹیٹیوٹ کے حوالے سے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز،حامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد، عمر فاروق، عائشہ قاضی، مقصود احمد، راؤ راشد اور دیگر افسران موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( Tika ) گارمنٹس ،ویٹ اور ڈرائی پراسیس لیبارٹریوں کیلئے مشینری و آلات جبکہ ٹیوٹا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرے گی۔تر ک ماہرین نے ٹیوٹا اساتذہ کو ترکی اور پاکستان میں جدید تربیت دے دی ہے تاکہ ہنر سیکھنے والے نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ترک ایجنسی کی جانب سے مہیا کی جانے والی مشینری و آلات کی فراہمی سے ٹیوٹا کے زیر تربیت ہنر مند بین الاقوامی طرز کی تربیت سے مستفید ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیوٹا ترک ایجنسی کی جانب سے جدید مشینری و آلات کو فراہم کرنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات مزید بہتر ہونگے۔بین الاقوامی تربیت سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔

مزید :

کامرس -