جماعت اسلامی کا اجتماع ارکان وحدت روڈ گراؤنڈ میں شروع، ہزاروں افراد کی شرکت

جماعت اسلامی کا اجتماع ارکان وحدت روڈ گراؤنڈ میں شروع، ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور(رپورٹ:میاں اشفاق انجم،تصاویر:ایوب بشیر)جماعت اسلامی پنجاب کے ارکان امیدواران کا تاریخی اجتماع کرکٹ گراؤنڈ وحدت روڈ لاہور میں شروع ہو گیا ،ہزاروں افراد شریک،12ایکڑ پر مشتمل پنڈال میں ڈاکٹر اسلم صدیقی کے خطبہ جمعتہ المبارک سے اجتماع کا آغاز ہوا ،پنجاب کا معاشرہ نفوذ کی راہیں ،کے عنوان سے آج ہونے والے،مذاکرے سے احمد بلال محبوب اور مجیب الرحمن شامی خطاب کریں گے ،برہان وانی شہید کانفرنس کل ہو گی ،سید منور حسن صدارت کریں گے ،سید علی گیلانی ٹیلی فونک خطاب کریں گے ،سید صلاح الدین ،عبد الرشید ترابی،زبیر گوندل،صہیب الدین،عبید الرحمن عباسی خطاب کریں گے ،کل دوپہر کو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑاکرپشن مٹاوُ پاکستان بچاوُ مارچ ہو گا جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اہم اعلان کریں گے ان خیالات کا اظہار ناظم اجتماع وامیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی انٹرویو میں کیا ۔انہوں نے کہا پاکستان کے تمام اضلاع سے ارکان امیدواران ہزاروں کی تعداد میں پہنچ گئے ہیں جماعت اسلامی موجودہ غیر یقینی صورت حال اور بد امنی سے مطمعین نہیں موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام اور حکومت میں فاصلے بڑھ رہے ہیں بڑا خلا پیدا ہو رہا ہے ،جماعت اسلامی اس خلا کو پُر کرنے کے لیے اپنی تنظیم سازی اور کردار سازی کے ذریعے نئی صف بندی کر رہی ہے،کے پی کے کے بعد لاہور میں پروگرام ہو رہا ہے اس کے بعد کراچی میں بڑا پروگرام نومبر کے پہلے ہفتے میں ہو گا۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہزاروں کی تعداد میں ارکان امیدواران تین دن تک وسیع کرکٹ گراونڈ میں رہیں گے ،با جماعت نمازیں پڑھیں گے ،ذکر اذکار کریں گے ،مختلف موضوع پر تقاریر ہوں گی۔ناظم اجتماع نے کہا اس عظیم تنظیمی پروگرام کے آخری سیشن میں بڑاپروگرام کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤمارچ وحدت روڈ پر ہو گا جس میں موجودہ حالات کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی اہم اعلان کریں گے ،ذکر اللہ مجاہد نے بتایا پہلے دن تاریخی اجتماع کا آغاز عظیم سکالرخطیب مولانا اسلم صدیقی کے خطبہ جمعتہ المبارک سے ہوا۔شام کو حلف رکنیت مرکز محور کے عنوان سے حافظ ادریس صاحب کی صدارت میں سیمینار ہوا جس میں نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے اظہار خیال کیا ۔آج نماز فجر کے بعد پروفیسر عرفان احمد چودھری کا درس قرآن ہو گا ،عقیدہ ختم نبوت پر مفتی امتیاز احمد کا خطاب ہو گا ،مقالہ خصوصی پروفیسر ابو سفیان اصلاحی مسلم یونیورسٹی بھارت پیش کریں گے ،دوپہر کو امیر جماعت اسلامی ارکان سے سوالات کا جواب دیں گے 4بجے سے5بجے پنجاب کا ،معاشرہ نفوذ کی راہیں،کے عنوان سے مذاکرہ میں مجیب الرحمن شامی اور احمد بلال محبوب خطاب کریں گے ۔30اکتوبر کو کشمیر کانفرنس اور کرپشن بچاو مارچ ہو گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1