پاکستان گڈز ٹرانسپورٹر اتحاداحتجاجی ریلی مو خر کر نے کا اعلان

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹر اتحاداحتجاجی ریلی مو خر کر نے کا اعلان

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹر اتحادنے ملکی حالات کے پیش نظر گزشتہ روزلاہور میں ہونے والی احتجاجی ریلی مو خر کر نے کا اعلان کر دیا ہے ۔اس حوالے سے گڈز ٹرانسپورٹر اتحاد کا اجلاس گزشتہ روزچیئر مین سلطان محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں گڈز ٹرانسپورٹر زسے وابستہ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی جن میں چودھری مختار احمد، نجیب اللہ نیازی، ملک مظفر اعوان ،طاہرخان، نبیل محمود طارق، علیم بٹ، شراف گل، مرزا ارشد بیگ،حاجی جاوید بٹ و دیگر نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سلطان محمود نے اعلان کیا کہ آج ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ملکی حالات کی وجہ سے موخر کر رہے ہیں۔

اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست میں گڈز ٹرانسپورٹر ز برادی کو تنگ نہ کیا جائے۔

ہم کو آزاد ماحول میں کام کرنے دیا جائے کنٹینرز اور ٹرکوں کی پکڑ دھکڑ کو فوری بند کیا جائے جن کنٹینروں اور ٹرکوں کو پکڑا جا رہا ہے انہیں فوری چھوڑ دیا جائے کیونکہ کنٹینروں میں پڑا تاجروں کا کروڑوں روپے کا مال خراب ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو بھاری نقصان ہو رہا ہے جو گڈز ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتل ہے حکومت اس سلسلے کو ختم کرے انہوں نے کہا کہ حکومت نے جتنے کنٹینرز کو پکڑا ہے ان کا یومیہ کے حساب سے کرایہ اور جو سامان خراب ہو رہا ہے اس نقصان کو پورا کیا جائے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو ہم بھی سیاسی جماعتوں کی طرح سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے

مزید : میٹروپولیٹن 4