تشدد کا مقصد عوامی جذبات کو کچلنا تھا، ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران کے گھر کا گھیراؤ کر کے کارکنوں کو آنے سے روکا گیا۔ تشدد آمیز کارروائی کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کے جذبات کو کچلنا تھا لیکن یہ وہ جذبات ہیں جو 20 سال کی مشقت کے بعد بیدار ہوئے اور اب کرپشن کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان کے کارکنوں کو ان کے گھر آنے سے روکا گیا حتیٰ کہ مجھے بھی روکا گیا اور جب پولیس والوں نے استفسار کیا کہ یہ سب کس قانون کے تحت کیا جا رہا ہے وہ لاعلم تھے لیکن اب آنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد آمیز کارروائی کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ پاکستان کے عوام کے جذبات کو کچل دیا جائے لیکن یہ وہ جذبات ہیں جو پاکستان میں کرپشن کے خلاف جہاد کیلئے عمران خان کی 20 سالہ جدوجہد کے بعد بیدار ہوئے ہیں اور اب کرپشن ختم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے اور پچھلے سات مہینوں میں اٹھنے والے قوم کے سوالوں کا کوئی جواب بھی نہیں دیا۔ نواز شریف اپنے حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں اور 2 نومبر کو جمع ہونے والا عوام کا سمندر کرپشن کے خلاف جذبات کی عکاسی کرے گا۔