ہیلری صدر بن کر کلنٹن اور اوبامہ سے بہتر ثابت ہوں گی :مشل اوبامہ

ہیلری صدر بن کر کلنٹن اور اوبامہ سے بہتر ثابت ہوں گی :مشل اوبامہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے صدارتی انتخاب میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور پہلی بار منصب صدارت کے لیے ایک امیدوار سابق خاتون اول نے جمعرات کو موجودہ خاتون اول کے ساتھ اپنی انتخابی مہم میں حامیوں سے خطاب کیا۔مشل اوباما نے سابق خاتون اور ڈیموکریٹ امیدوار ہلری کلنٹن کی شمالی کیرولائنا کے شہر ونسٹن سالم میں ہونے والی ریلی سے اپنے روایتی انداز میں خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہلری کلنٹن منصب صدارت کے لیے کسی بھی دوسرے امیدوار سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔براک اوباما سے اور بل کلنٹن سے بھی زیادہ تجربہ کار ہیں اور بہتر صدر ثابت ہونگی ،لہذا وہ ایک دن کمانڈر انچیف بننے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔کسی کا نام لیے بغیر مشل اوباما نے ریلی کے شرکا پر زور دیا کہ وہ انتخاب کو دھاندلی زدہ قرار دے کر "غلیظ اور مکروہ" بنانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص پر اعتبار نہ کریں۔مشل اوباما کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کوشش کر رہے ہیں کہ آپ لوگ گھروں پر ہی رہیں، وہ آپ کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کا ووٹ اہمیت نہیں رکھتا، اور نتیجہ پہلے ہی آچکا ہے۔وہ آپ سے آپ کی امید چھیننا چاہتے ہیں۔امریکہ میں ووٹرز ہمارے انتخابات کا فیصلہ کرتے ہیں اور بس۔سابق اور موجودہ خواتین اول ایک دوسرے سے گلے ملیں اور ایک دوسرے کو اپنا "دوست" قرار دیا۔ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ "خاتون اول کے بارے میں بہت سی چیزیں ہیں جن کی میں قدردان ہوں۔ مشل ہمیں محنت کرنے، اپنی اقدار سے جڑے رہنے، ایک دوسرے سے اچھا برتاؤ کرنے کی یاد دلاتی ہیں۔شمالی کیرولائنا کا شمار ان چند ریاستوں میں ہوتا ہے جو کہ کسی بھی امیدوار کی فتح کے لیے اہم قرار دی جاتی ہیں۔اس ریاست میں کیے گئے رائے عامہ کے جائزوں کی اوسط سے ظاہر ہوتا ہے کہ کلنٹن کو اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ پر تین فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

مزید : صفحہ اول