سیاسی کاکنوں کو گرفتار کرنے کا شوق نہیں مگر بلوائیں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا: سعد رفیق

سیاسی کاکنوں کو گرفتار کرنے کا شوق نہیں مگر بلوائیں کیخلاف قانون حرکت میں ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ اسلام آباد بند کریں گے،عمران خان کو نہ روکیں تو حکومت کا کیا کام؟سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرنے کا شوق نہیں،لیکن تحریک انصاف کی قیادت اور شیخ رشید اکسا رہے ہیں،حالات مزید کشیدہ نہیں ہوں گے، گلوکار آسمان سے نہیں اترتے،چاہے سیاستدان ہو یا سنگر جو بھی بلوا کرے گا،قانون اس کے خلاف حرکت میں آئے گا۔عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف نے جمہوریت کے نام پر وہ ہلہ گلہ کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،اس دفعہ تو معاملہ بالکل مختلف ہے،عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کو سیل کریں گے،اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے،کسی پارٹی کا شہرنہیں،جڑواں شہروں میں50لاکھ شہری رہتے ہیں،اداروں کے دفاتر ہیں،ڈپلومیٹس رہتے ہیں،عمران خان نے کہا کہ مارکیٹیں زبردستی بند کرائیں گے تو حکومت چپ کرکے تماشہ نہیں دیکھ سکتی،شہر کو کھلا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹی او آرز پر مذاکرات کئے،پانامہ کے معاملے پر سپریم کورٹ میں کیس ہے،احتجاج کا کیا جواز بنتا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی حکومت نے تعمیل کی لیکن تحریک انصاف نے انکار کیا،آج ان کو عدالت یاد آرہی ہے۔خواج سعد رفیق نے کہا کہ شیخ رشید مولاجٹ بنے پھر رہے ہیں،40آدمیوں کے ساتھ بھاگتے بھاگتے آئے اور بھاگتے واپس چلے گئے،پولیس نے پکڑنا ہوتا تو پکڑ سکتی تھی،عمران خان،شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین خود اپنے محلات میں بیٹھے ہوئے ہیں اور کارکنوں کو گمراہ کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ حالات کشیدہ نہیں ہوں گے،قانون سب کیلئے ایک ہے،گلوکار آسمان سے نہیں اترا ہوتا چاہے سیاستدان ہو یا گلوکار جو بھی بلوا کرے گا،قانون اس کے خلاف حرکت میں آئے گا،سلمان احمد بنی گالا کیا لینے جارہے تھے جہاں اسلام آباد بندکرنے کی سازش کی جارہی ہے،2نومبر کو بھی کوئی غیر آئینی کام ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا،حکومت سیاسی کارکنوں کو گرفتار نہیں کرنا چاہتی لیکن شیخ رشید اور تحریک انصاف کی قیادت گرفتاریوں کیلئے اکسارہی ہے،حکومت شیخ رشید کو گرفتار نہ کرکے ابھی بھی تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

مزید : صفحہ آخر