یمن اسلحہ لیجانے والے چارایرانی بحری جہاز پکڑے،امریکہ کا دعویٰ
واشنگٹن(اے این این) امریکی بحریہ کے ایک ایڈمرل نے انکشاف کیا ہے کہ اپریل 2015 کے بعد امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی بحری فورسز نے ایران سے جنگ زدہ یمن کے لیے بھیجے گئے اسلحے کے چار جہاز پکڑے ہیں۔یمن میں ستمبر 2014 میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے طوائف الملوکی کا دور دورہ ہے۔امریکا اور سعودی عرب ایران پر حوثی باغیوں کو مسلح کرنے کے الزامات عاید کرچکے ہیں جبکہ ایران ان کی تردید کرتا ہے جبکہ امریکا اور سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی بحری فوجیں سمندر میں یمن کی کڑی نگرانی کررہی ہیں ۔امریکا کے وائس ایڈمرل کیون ڈونجین کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ یا اتحاد کے جہازوں نے ایران سے یمن کو بھیجی گئی اسلحے کی چار کھیپ پکڑی ہیں۔ہم جانتے ہیں کہ وہ جہازایران سے آئے تھے اور ہمیں ان کی منزل کا بھی پتا ہے۔