اسلام آباد،پی ٹی آئی کی وارم اپ ریلی منسوخ،کارکنوں کے بنی گالہ میں ڈیرے، کپتان کی ہدایت پر ناشتے کی تیاری،کھلاڑیوں کی انوکھی فرمائشیں،ورزش کی،پش اپس بھی لگائے
اسلام آباد، راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے دو نومبر کے احتجاج کے حوالے سے آج اسلام آباد میں نکالی جانے والی وارم اپ ریلی منسوخ کردی ہے جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے وفاقی دارالحکومت پہنچنے والے کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر جمع ہے، جہاں ٹینٹ سٹی قائم کردیا گیا ہے،پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایت پر کارکنوں کے لئے خصوصی ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا, کارکن گرم پانی اور شیمپو کی فرمائشیں بھی کرتے رہے۔ملک کے مختلف علاقوں سے بنی گالہ پہنچنے والے کارکنوں نے رات بھی خیمہ بستی میں گزاری ، خواتین کارکن سردی سے بچنے کے لئے لکڑیاں جلا کر کام چلاتی رہیں۔ عمران خان نے کارکنوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے ایک تندور بھی بنی گالہ پہنچا دیا گیا ہے، کپتان کے کھلاڑیوں نے صبح سویرے گرم پانی اور شیمپو کی فرمائش بھی کی ۔کھلاڑیوں نے ورزش کی ،پش اپس بھی لگائے۔ دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے جلسے کے تناظر میں بند کئے گئے راولپنڈی کے تمام راستے کھول دیئے گئے ہیں، کمیٹی چوک سمیت تمام علاقوں سے کنٹینر بھی ہٹالیے گئے ہیں۔