ریگولیٹری ڈیوٹی سے سمگلنگ بڑھے گی ، مکمل طور پر واپس لی جائے ، لاہور چیمبر

ریگولیٹری ڈیوٹی سے سمگلنگ بڑھے گی ، مکمل طور پر واپس لی جائے ، لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے قومی اسمبلی میں پارلیمنٹرینز سے ملاقات میں ریگولیٹری ڈیوٹی مکمل طور پر واپس لینے پر زور دیا ہے۔ پارلیمنٹرینز ، جن میں قیصر احمد شیخ، سعید احمد خان منیس، ڈاکٹر شیزرا منصب علی خان، شیخ فیاض الدین، سید نوید قمر، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سید مصطفی محمود اور اسد عمر شامل تھے، نے لاہور چیمبر کے صدر کے مطالبہ کی حمایت کی اور قابل عمل تجاویز دینے پرلاہور چیمبر کو سراہا۔لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ موجودہ ریگولیٹری ڈیوٹی ایکسپورٹ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بْری طرح نقصان پہنچائے گی کیونکہ اس کی زد میں خام مال بھی آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ریگولیٹری ڈیوٹی ریجیم سے معیشت کو فائدے کے بجائے اْلٹا نقصان ہوگاکیونکہ برآمدی شعبہ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر متاثر ہونے کے ساتھ سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ بھی بڑھے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کاروباری برادری کو پارٹنرز تصور کیا جائے اور حکومت ایف بی آر سمیت تمام اداروں کو ہدایت کرے کہ صنعت و تجارت ، درآمدات اور برآمدات سے متعلقہ پالیسیاں تشکیل دینے کے عمل میں لاہور چیمبر اور دیگر کاروباری تنظیموں کو شریک کیا جائے۔ بعد ازاں لاہور چیمبر کے صدر نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق محمود پاشا اور ممبر کسٹمز زاہد کھوکھر سے ملاقات کی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کی مکمل واپسی پر زور دیا۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...