فیصل آباد چیمبر‘الیکٹرونکس /الیکٹرونک اپلائنسزکی قائمہ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس

فیصل آباد چیمبر‘الیکٹرونکس /الیکٹرونک اپلائنسزکی قائمہ کمیٹی کا افتتاحی ...

فیصل آباد(بیورورپورٹ)الیکٹرونکس /الیکٹرونک اپلائنسز بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس ہوا ۔ جس میں صدر شبیر حسین چاولہ اور سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف کے علاوہ چیئرمین رانا سکندر اعظم نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین رانا سکندر اعظم نے کہا کہ گذشتہ برس بھی اس قائمہ کمیٹی کی کارکردگی انتہائی شاندار تھی جبکہ اس سال بھی تمام کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد سب سے پہلے ہونے والے اجلاسوں میں بھی یہ اجلاس شامل ہے۔ اپنے کاروباری معاملات کے بارے میں انہوں نے ریگولیٹری ڈیوٹی کا ذکر کیا اور کہا کہ جن 731اشیاء پر اس ڈیوٹی کو لگایا گیا ہے ان میں بہت سی گھریلو استعمال کی الیکٹرانک اشیاء بھی شامل ہیں۔ جن سے نہ صرف ان کی سمگلنگ میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کے مہنگا ہونے سے غریب اور متوسط طبقہ پر مالی بوجھ بھی بڑھے گا۔ انہوں نے نیپرا کی طرف سے بجلی کے بنیادی نرخوں میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ اس اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر کالا باغ ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں میں پانی کی کمی سے جہاں فصلوں کی پیدا وار متاثر ہو رہی ہے وہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگا اس لئے حکومت کو سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے کالا باغ ڈیم پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے الیکٹرانکس کے کاروبار سے وابستہ افراد پرزور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کی ممبر شپ لیں۔

تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جاسکے۔ اجلاس سے قائمہ کمیٹی کے دیگر ممبران نے بھی خطاب کیا اور شہر میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کیلئے سالانہ لائحہ عمل طے کرنے پر بھی غور کیا گیا اور ممبران سے کہا گیا کہ وہ اس کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے وائس چیرمین شہباز احمد گل کے علاوہ دیگر ممبران امتیاز، محمد وقاص، ملک انور، امانت علی، حبیب الرحمن گل، شوکت علی، فیصل عظیم باجوہ، محمد انور، محمد ادریس، محمد فاروق گل، ملک غضنفر علی نے بھی شرکت کی ۔

مزید : کامرس