ٹیوٹا کے6 طالب علم سکالر شپ پر3 سالہ ڈپلومہ کیلئے آج چین روانہ ہونگے

ٹیوٹا کے6 طالب علم سکالر شپ پر3 سالہ ڈپلومہ کیلئے آج چین روانہ ہونگے

لاہور( کامرس رپورٹر)چئیرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ہمارے چھ ہونہار طلبہ تیان جن ماڈرن ووکیشنل ٹیکنالوجی کالج میں سکالرشپ پر کل چین روانہ ہوں گے ۔جہاں وہ دنیا کے اس بہترین کالج میں الیکٹریکل آٹو میشن کا تین سالہ ڈپلومہ کریں گے وہ ان طالب علموں اور ان کے والدین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔عرفان قیصر شیخ نے کہا ان بچوں کو کالج کی چینی کالج کی طرف سے سکالر شپ دیا گیا ہے جبکہ ٹریولنگ اور دیگر مد میں ٹیوٹا تقریبا 17لاکھ کا خرچہ برداشت کرے گا ۔انہوں نے کہا چینی کالج کی طرف سے یہ سکالر شپ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط کرے گا ۔انہوں نے کہا ٹیوٹا مئی 2018تک اپنے 100بچوں کو اسی طرح تین سالہ ڈپلومہ کے لئے چین کے بہترین کالجز میں بھیجے گا ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ بہت سی انڈسٹری بھی آئے گی اور اس انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہم ایک جامع منصوبہ پر عمل کر رہے ہیں تاکہ ہمارے بچے ان انڈسٹریز میں اچھی سے اچھی نوکری کے لئے بھی اہل ہوں۔اس موقع پر ان بچوں علی ارقم ،محمد زنیر ،محمد ارسلان بٹ،سید محمد اسد حیدر زیدی ،محمد جاوید ،محمد عمیر مظہر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا نے ہمارے لئے بہترین مواقع میسر کئے ہیں جس کے لئے ہم ٹیوٹا کے مشکور ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ چین کی اعلی یونیورسٹویوں سے پی ایچ ڈی کی ڈگری لے کر پاکستان آئیں ۔تقریب کے اختتام پر عرفان قیصر شیخ نے بچوں میں ٹکٹ تقسیم کئے ۔یہ طالب علم 29اکتوبر کی رات کو چین روانہ ہوں جائیں گے ۔

مزید : کامرس