سپورٹس راؤنڈ اَپ

سپورٹس راؤنڈ اَپ

گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ کا آغاز

34 واں گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گا۔ ایونٹ میں سینئرز ، ویٹرنز، لیڈیز، جونیئرز اور امیچر کیٹگریز میں مقابلے ہوں گے، 95 امیچر، 74 سینئر، 46 ویٹرنز، 19 لیڈیز اور 8 جونیئر گالفر نے شرکت کی۔ ایونٹ کے دفاعی چیمپئن اسفند یار خان ہیں، جبکہ گزشتہ دہائی میں محسن ظفر تین مرتبہ چیمپئن رہ چکے ہیں، میر حمزہ منصور، قاسم خان، اسد ضیاء، سردار محمد ، احمد لغاری، محمد ناصر ارشاد، ولید زبیر بھی ایک ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کر چکے ہیں۔ چیئرمین ملت ٹریکٹرز سکندر مصطفی خان نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور ہمیشہ کی طرح کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ایونٹ دن بدن مقبول ہو رہا ہے اور گالفرز کی تعداد بڑھ رہی ہے، میڈیا کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت انڈسٹریز کی زراعت کے شعبے میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، ہمارے ٹریکٹرز اور زرعی آلات پاکستان میں جدید زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کیونکہ زراعت کے جدید طریقوں کو اپنا کر ہی فی ایکڑ پیدا وار کو بڑھایا جا سکتا ہے اور پاکستان خوراک میں خودکفالت کا حصول ممکن بنا سکتا ہے۔

شرط لگانے پر سابق سنوکر چیمپئن اسٹورٹ بنگھم پر 6ماہ کی پابندی

اسٹورٹ بنگھم کو شرطیں لگانے پر 6 ماہ پابندی کی سزا دے دی گئی ہے۔2015 کے ورلڈ سنوکر چیمپئن اسٹورٹ بنگھم کو شرطیں لگانے پر 6ماہ پابندی کی سزا دے دی گئی ہے۔ جس میں سے 3 ماہ معطل ہوں گے، 41 سالہ انگلش کیوئسٹ کو ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے قواعد توڑنے کا اعتراف کرنے پر 20 ہزار جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔ انھوں نے اپنے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کے میچز پر بھی12 برسوں کے دوران مجموعی طور پر 36ہزار پانڈ کی رقم شرطوں پر لگائے تھے۔ایسوسی ایشن نے اعلامیے میں کہا کہ ویلز سے تعلق رکھنے والے بنگھم اپنے نام سے بنائے گئے 2 اکانٹس سے چھوٹی رقمیں شرطوں پر لگانے کا اعتراف کیا ہے، جو ہمارے قواعد کی خلاف ورزی ہے، تاہم انہیں اس فیصلے کے خلاف6 نومبر تک اپیل کا حق بھی حاصل ہے۔

امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے سنگاپور میں ڈبلیو ٹی اے کا ٹائٹل جیت لیا

امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے سنگاپور میں ڈبلیو ٹی اے کا ٹائٹل جیت کر ٹاپ پوزیشن پانے کی امید جگا لی، فیصلہ کن مقابلہ تین گھنٹے تیرہ منٹ تک جاری رہا۔سنگاپور میں ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا ٹائٹل مقابلہ ہوا، امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے سنگاپور میں ڈبلیو ٹی اے کا مقابلہ جیت کر ٹاپ پوزیشن پانے کی امید جگا لی۔ فیصلہ کن مقابلہ تین گھنٹے تیرہ منٹ تک جاری رہا۔ سنگا پور میں جاری ویمن ٹینس کے اہم ایونٹ میں ورلڈ نمبر پانچ وینس ولیمز نے زبردست کامیابی سمیٹی۔ امریکی ٹینس اسٹار نے لیٹویا کی اوٹاپینکو کو دو ایک سے ہرایا۔ اس میراتھن میچ میں وینس ولیمز کی جیت کا اسکور سات پانچ، چھ سات اور سات پانچ رہا۔ وینس ولیمز نے اس جیت کے ساتھ ہی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر نظریں جما لیں۔

پی ایچ ایف نے دورہ آسٹریلیا کے لئے22کھلاڑیوں کا اعلان کردیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آسٹریلیا میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے 22ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔چار قومی ایونٹ 8سے 12نومبر تک ہو گا جس میں پاکستان ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈاورجاپان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ سلیکشن کمیٹی نے ایشیا کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قومی اسکواڈ کو برقرار رکھا۔ممکنہ کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان، عاطف مشتاق، مبشر علی، احمد شکیل، ابوبکر محمود، تصور عباس، رضوان جونیئر، ارسلان قادر، ا ظفر یعقوب، عمر بھٹہ، علی شان، محمد عتیق ارشد، اعجاز احمد، شان ارشاد، قمر بخاری ، خضر اختر، شجیہ احمد ، حسن انور، بلال قادر، عمر ہمدانی شامل ہیں۔بائیس ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ31اکتوبر سے عبدالستار ایدھی سٹیڈیم کراچی میں لگے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی ہاکی ٹیم 8 نومبر کو میزبان آسٹریلیا ، 9نومبر کو جاپان جبکہ 11نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی ایونٹ کا فائنل 12نومبر کو کھیلا جائے گا،اس دوران خواتین کا بھی ہاکی فیسٹیول ہوگا جس میں امریکی ٹیم بھی حصہ لے گی۔

ابوظہبی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ

28 دسمبر سے شروع ہوگا

سابق عالمی نمبر ایک سربین سٹار نوویک جوکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے سٹانسلاس واورینکا رواں برس دسمبر میں ابوظہبی میں شیڈول نمائشی ایونٹ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ ابوظہبی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 28 دسمبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا اور 30کو اختتام پذیر ہوگا۔ دونوں کھلاڑی انجری کے باعث طویل بریک کے بعد دوبارہ ٹینس کورٹس میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ جوکووچ نے کہنی جبکہ واورینکا نے گھٹنے کی انجری کے باعث ریسٹ آف سیزن سے دستبرداری اختیار کر رکھی ہے۔ جوکووچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ابوظہبی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے نئے سیزن میں بھرپور انداز سے شرکت کرنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کے لئے سرتوڑ کوشش کروں گا، واورینکا نے کہا کہ ان کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور کورٹ میں واپسی کے لئے بے چین ہیں، جاندار کم بیک کے لئے سخت محنت کروں گا۔

فریال مخدوم کی تا زہ ترین تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کی تا زہ ترین تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ فریال مخدوم نے سوشل میڈیا ایپ سنیپ چیٹ پرمانچسٹر میں ہوئی ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کی اپنی ایک نئی تصویر لگائی ہے جس میں وہ اپنے حمل کے درست ہونے کی نشاندہی کرتی نظر آرہی ہیں ،اس تصویر کے نیچے انہوں نے لکھا کہ ’’ ایشین میڈیا ایوارڈ میں موجود ہوں‘‘۔فریال مخدوم اور عامر خان کی 4سالہ شادی شدہ زندگی میں اس وقت دراڑ آئی جب دونوں نے ایک دوسرے پر بیوفائی کے الزامات لگائے اور عامر خان نے اب فریال سے طلاق لینے کے لئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے ،فریال پہلے ہی عامر خان کو بتا چکی ہیں کہ اگر وہ ان سے طلاق لینے کے لئے عدالت گئے تو وہ ان دونوں کی بیٹی لامائش کو لیکر نیویارک چلی جائیں گی۔

ٹینس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ راجر فیڈرر کورٹ میں بال بوائے کا

کام کرتے رہے

سوئٹزرلینڈ کے 36 سالہ راجر فیڈرر آٹھ اگست 1981ء میں پیدا ہوئے اور اس وقت عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں،انہوں نے اب تک 19گرینڈ سلام جیتے ہیں۔راجر فیڈرر دنیائے ٹینس کے بے تاج بادشاہ ہیں، ان کی ٹینس کورٹ میں مہارت کے سبھی معترف ہیں۔ تاہم یہ بات اہم ہے کہ وہ ایک وقت میں کورٹ میں بطور بال بوائے کام کرتے تھے۔سوئٹزرلینڈ کے 36 سالہ راجر فیڈرر آٹھ اگست 1981ء میں پیدا ہوئے اور اس وقت عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔ راجر فیڈرر نے 1998ء میں پروفیشنل ٹینس کھیلنا شروع کی اور2002ء سے لے کر نومبر 2014ء تک وہ مسلسل دنیا کے دس بہترین ٹینس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیمیں31اکتوبر کو آمنے سامنے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 31اکتوبر سے یو اے ای میں شروع ہوگی ۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہے،پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے میچ 31اکتوبر کو شارجہ سٹیڈیم میں ہوگا ،دوسرا میچ 2نومبر کو ،تیسرا ون ڈے 5نومبر کو ہوگا ،چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 8نومبر سے شروع ہوگی ،پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 8نومبر کو ، دوسرا 9نومبر کو ،تیسرا 12نومبر کو اور چوتھا 14نومبر کو ہوگا ۔اعلان کردہ ویمن ٹیم میں عائشہ ظفر ،بی بی ناہیدہ ،جویریہ ودود ،بسمعہ معروف ،سدرہ امین ،ارم جاوید ،عالیہ ریاض ،سدرہ نواز ،ثناء میر ،ڈیانابیگ، نتالیہ پرویز ،ایمان انور ،ناشرہ سندھو اور سعدیہ یوسف شامل ہیں جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں انعم امین ،فریحہ محمود ،عائشہ ناز اور رمین شمیم شامل ہیں ۔ٹیم مینجمنٹ میں عبدالرقیب (منیجر)،مارک کولز (ہیڈ کوچ) ،شاہد انور (بیٹنگ کوچ)،ابرار احمد (ٹرینر)،زبیر احمد ( اینالسٹ ) اور ثمرہ فاطمہ ( فزیو تھراپسٹ شامل ہیں۔

مزید : ایڈیشن 1