گاڑیوں کی معلومات کیلئے وہیکلز انکوائری سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر) گاڑیوں کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے وہیکلز انکوائری سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ شہری ایس ایم ایس کے ذریعے گاڑی کا انجن نمبر، چیسیز نمبر، رجسٹریشن اورٹوکن کی ادائیگی کے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔بتایا گیا ہے کہ پی آئی ٹی بی اور محکمہ ایکسائز مل کر نیا سسٹم متعارف کرائیں گے ۔ سسٹم چوری کی گاڑیاں پکڑنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ پی آئی ٹی بی اور محکمہ ایکسائز نے تمام ڈیٹا مرتب کر لیا ہے۔ گاڑی کے مالک کا نام ظاہر نہ کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ایکسائز احمد بلال سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ اس نظام کے رائج ہونے سے گاڑیوں کی چوری کی روک تھام ہو گی بلکہ قلع قمع ممکن ہو سکے گاانہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق یہ سسٹم سامنے لایا گیا ہے اس کے جلد ثمرات عوام کے سامنے آئیں گے ۔احمد بلال نے کہا کہ اس سسٹم کی بھی مانیٹرنگ کے لئے الگ سے نظام رائج ہو گا جہاں کمی اور کوتاہی ہوئی ان کو دور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کی چوری کے ساتھ ساتھ کوئی بھی شخص اپنی گاڑی کی معلومات ٹوکن رجسٹریشن آ ن لائن حاصل کر سکے گاکیونکہ تمام نظام کو آن لائن کر دیا گیا ہے