الخدمت سکولز کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات،جماعت کے قائدین کی شرکت

الخدمت سکولز کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات،جماعت کے قائدین کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور()الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے تحت الخدمت سکولزکے امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت الخدمت فاؤ نڈیشن پاکستان کے صدر محمدعبدالشکور نے کی جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ اورنامور کرکٹر مشتاق احمدمہمانانِ خصوصی تھے۔ دیگر مہمانان میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد،الخدمت لاہور کے صدر عبدالعزیز عابداورفاروق چوہان شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ یہ بچے یہ معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں ،اس حوالے سے الخدمت بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کفالتِ یتامیٰ، صحت عامہ، صاف پانی کی فراہمی، مواخات پروگرام اور دیگر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ ہر خاص و عام تک سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ارض پاکستان کو علم کا گہوارا بنا کر ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔اس موقع پر بچوں نے قومی نغموں پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے جبکہ اختتام پر طلبہ اور اُن کے اساتذہ کو یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں ۔تقریب میں الخدمت سکولزلاہور کے ثریا اشفاق، خورشید،لال اور فضل نور کیمپسزکے طلبہ و طالبات، ان کے اساتذہ و والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ میزبانی کے فرائض عنبرین صلاح الدین نے سرانجام دیئے۔
الخدمت