میو ہسپتال : ڈاکٹر گروپوں میں تصادم ، ایمرجنسی میدان جنگ بن گئی

میو ہسپتال : ڈاکٹر گروپوں میں تصادم ، ایمرجنسی میدان جنگ بن گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) ہسپتال میوہسپتال میں دو ڈاکٹروں کے گروپ میں تصادم کے بعد ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میدان جنگ بن گیا، ڈاکٹروں نے ایک دوسرے کے سر کھول دیئے جس کا فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر طاہر خلیل چودھری نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی کمیٹی کاسربراہ پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر تقی کو بنایاگیا ہے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹروں میں تصادم کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی، اطلاع ملنے پر ایم ایس ڈاکٹر طاہر خلیل فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔بتایا گیا ہے کہ پھڈا آرتھوپیڈک اور بیہوشی کے ڈاکٹروں میں ہوا جس کے مطابق ہفتہ کی صبح ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں حادثات میں زخمی ہونے والے ہڈی کے کئی مریض آپریشن کے لئے رکھے گئے تھے اسی دوران ہڈی جوڑ کے ڈاکٹروں بلال وغیرہ نے بیہوش کرنے والے ڈاکٹروں سے کہا کہ مریضوں کو آپریشن کے لئے تیار کیا جائے تو بیہوشی کے ڈاکٹروں نے وقت ختم ہونے کا کہہ دیا ذرائع کے مطابق بیہوشی کے ڈاکٹروں نے جب مریضوں کو بیہوشی دینے سے انکار کیا تو آرتھوپیڈک کے ڈاکٹروں نے پھڈا شروع کر دیا اسی دوران نوبت ہاتھا پائی پر آگئی بعدازاں ڈاکٹروں نے ایک دوسرے کے گریبان چاک کر دیئے اسی دوران ہڈی کے ڈاکٹر بلال وغیرہ نے آپریشن تھیٹر کے اندر پڑے ڈرپ لگانے والے سٹینڈوں سے بیہوشی کے ڈاکٹروں پر حملہ کر دیا اور دونوں اطراف سے کئی ڈاکٹروں کے سر پھٹ گئے اور مریضوں کو علاج دینے والے ڈاکٹر خود ایک دوسرے کے ہاتھوں زخمی ہو کر ایمرجنسی میں داخل ہو گئے اسی حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر طاہر خلیل نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی جازت نہیں دے سکتے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور دونوں شعبہ جات کے پروفیسرز کو بھی نوٹس لینے کا کہا گیا ہے رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔