میجر (ر) رفیق حسرت کی جانب سے کامیابی کے دعوے ، اپوزیشن کی تنقید
لاہور (رپورٹ:میاں اشفاق انجم، تصاویر: ایوب بشیر) ہماری دو سالہ کارکردگی قابلِ فخر ہے ڈی ایچ اے انتظامیہ کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب نہیں ۔ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے2فیصد کمیشن کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لئے بل اسمبلی میں لا رہے ہیں ۔ 16فیصد ٹیکس کم کروا کر5فیصد تک لے آئے ہیں۔ یکم جولائی2016ء کو مسلط کئے گئے،ٹیکسز کی واپسی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالا ت کا اظہارمیجر(ر) محمد رفیق حسرت نے ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری خالد محمود چودھری نے گزشتہ دو سال کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے اپنے دفتر کے خواب کی تعبیر ہم نے دی۔ایسوسی ایشن کی ایف بی آر میں رجسٹریشن ہم نے کروائی۔ویب سائٹ اور ای میل کا اجراء ہوا،مصالحتی کمیٹی نے دو سال کے مختصر وقت میں متاثرین کو ایک ارب62 کروڑ واپس کروائے۔سینئر نائب صدر ارشد کھوکھر نے کہا کہ پورے پنجاب میں ڈی سی ریٹ100فیصد تک بڑھائے گئے لیکن ڈی ایچ اے لاہور میں صرف15سے 20فیصد تک بڑھائے گئے جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔ ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کی جنرل کونسل کے اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کے الزامات کو سیکرٹری خالد محمود چودھری نے مسترد کر دیا۔سابق سیکرٹری حاجی زاہد نے کہا دو سال میں جو ایسوسی ایشن اکاؤنٹ نہ کھلوا سکے اس نے ممبران کی کیا ویلفیئر کرنی ہے۔ دو سال بعد35سے40لاکھ استعمال نہ کرنے کو کارکردگی کہنا لمحہ فکریہ ہے۔ایسوسی ایشن کو غیر آہنی طریقے سے چلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔سابق صدر کرنل اکبر میاں نے کہا PRA نے ہمارے ساتھ 2 فیصد اور بعدازاں3فیصد پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔ ڈیلرز برادری پر5فیصد ٹیکس کا نفاذ زیادتی ہے یہ کارکردگی نہیں دھوکہ ہے۔کرنل اکبر میاں نے ایسوسی ایشن کی ممبر شپ فیس3ہزار سے5 ہزار کرنے کے عمل کو بھی غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا اسے اے جی ایم سے منظور نہیں کروایا گیا ۔ سابق صدر میجر(ر) جاوید ضمیر نے کہا مل کر متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے باہم دست و گریبان ہونا خدمت نہیں ہے۔محمود ورک نے کہا2003ء سے 2015ء تک نہ کوئی حساب دیا گیا نہ اے جی ایم ہوئی ۔ ابوبکر بھٹی نے کہا ڈیلربرادری کسی لالی پاپ میں نہیں آئے گی۔ایسوسی ایشن آج تک لیگل کمیٹی نہیں بنا سکی، ٹیکس پے ٹیکس لگ رہے ہیں، دفاتر بند ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ میجر(ر) محمد رفیق حسرت اب بھی لالی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔جنرل کونسل کے اجلاس میں بعض ممبران نے تسلی بخش جوابات نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی کی کوشش کی جسے بزرگ رہنماؤں نے ناکام بنا دیا۔آخر میں میجر(ر) محمد رفیق حسرت نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم انسان ہیں غلطیاں ہو سکتی ہیں، ہم تمام تنقید کو اصلاح کے لئے قبول کرتے ہیں۔ ڈیلر برادری کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔جنرل کونسل کے اجلاس میں ڈی ایچ اے کے رجسٹرڈ ڈیلرز کی بڑی تعداد کے علاوہ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق منیر، چودھری اکرام، نائب صدر شیخ الیاس، یحییٰ خان،لطیف چودھری، سیکرٹری اطلاعات محمد آصف، سینئر نائب صدر ارشد کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، استقبال کرنے والوں میں شہزادہ افتخار، رانا سرفراز، لطیف چودھری نمایاں تھے۔
ڈی ایچ اے