آخری ٹی 20، لنکن ٹائیگرز اور شاہین آج پاکستانی سرزمین پر آمنے سامنے

آخری ٹی 20، لنکن ٹائیگرز اور شاہین آج پاکستانی سرزمین پر آمنے سامنے

لاہور(اے پی پی ) شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان اور سر ی لنکا کے مابین تین ٹونٹی میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ آج شام چھ بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کے مطابق میچ کے انعقاد کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں سٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے میچ کی افتتاحی تقریب 4.45منٹ پر ہوگی جبکہ سٹیڈیم کے دروانے تین بجے سے ہی شائقین کرکٹ کے لئے کھول دیئے جائیں گے ۔،سیریز کے پہلے دونوں میچز جیتنے کی وجہ سے پاکستان کو سیریز میں 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔میچ کا جو بھی نتیجہ نکلے سیریز پاکستان جیت چکا ہے تاہم تیسری ٹی ٹونٹی جیتنے کی وجہ سے پاکستان سری لنکا کے خلاف ون ڈے کی طرح ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کرسکتا ہے اور پاکستان کی شاندار کارکردگی اور بہترین بولنگ اسکواڈ کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی پاکستان جیتے گا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ردھم میں ہے اور ہر کھلاڑی جیت میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ون ڈے کی طرح ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کریں گے۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور ہوم گراؤنڈ میں کپتانی کرنا ایک خواب تھا جو کہ اللہ کے فضل سے پورا ہورہا ہے ،شائقین کو بہترین میچ دیکھنے کو ملے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف میچ سے کچھ گھنٹے پہلے اتوار کی صبح لاہور پہنچے گی، مہمان ٹیم لاہور آمد کے چند گھنٹے بعد قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے گی اور میچ کھیلنے کے چند گھنٹے بعد وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔ میچ کھیلنے کے بعد کھلاڑی پیر کی صبح ساڑھے 3 بجے براستہ دبئی کولمبو روانہ ہوجائیں گے۔ لاہور میں میچ سے قبل ایشین کرکٹ کونسل کی ڈیویلپمنٹ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ ۔قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران میڈیا سمیت کسی کو بھی ڈرون کیمرے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی