شیر وڈ نے پولو ان پنک بائی شوکت خانم کینسر ہسپتال ٹورنامنٹ جیت لیا

شیر وڈ نے پولو ان پنک بائی شوکت خانم کینسر ہسپتال ٹورنامنٹ جیت لیا
 شیر وڈ نے پولو ان پنک بائی شوکت خانم کینسر ہسپتال ٹورنامنٹ جیت لیا

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور (سپورٹس رپورٹر)لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پولو ان پنک بائی شوکت خانم کینسر ہسپتال ٹورنامنٹ شیر وڈ نے جیت لیا۔فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد گارڈ گروپ کو 8-5 سے شکست دیدی۔ ادھر سب سڈری فائنل میں ٹوٹل نیوٹریشن نے بلیک ہارس پینٹس کو 6-4 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بریگیڈیئر (ر) ہمایوں ملک، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز احمدنوازٹوانہ، عمرنیازی، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

شیر وڈ کی ٹیم نے پہلے چکر سے ہی گارڈ گروپ پر دباؤ بڑھایا اور پہلے چکر میں ہی ایک گول سکور کرلیا جبکہ انہیں دو گول ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج بھی حاصل تھا۔ دوسرے چکر میں شیروڈ کی طرف سے تین گول جبکہ تیسرے اور چوتھے چکر میں ایک ایک گول سکور کیا گیا۔دوسرے چکر کے اختتام پر شہزاد علی انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی جگہ ڈاکٹر فیصل کھوکھر نے اگلے دو چکر کھیلے۔ شیر وڈ کی طرف سے فراست علی چٹھہ اور شہزاد عزیز نے دو دو، عدنان جلیل اعظم، ڈاکٹر فیصل کھوکھرنے ایک ایک گول سکور کیا۔ گارڈ گروپ کی طرف سے تیمور علی ملک نے دو جبکہ میاں حسین افتخار نے ایک گول سکور کیا۔ادھر سب سڈری فائنل میں بھی دلچسپ مقابلہ ہوا ٹوٹل نیوٹریشن نے بلیک ہارس پینٹس کو 6-4 سے ہرایا۔ ٹوٹل ٹیوٹریشن کی طرف سے بلال حئی اور راقیہ منصور نے تین تین گول سکور کیے جبکہ بلیک ہارس پینٹس ی طرف سے ابوبکر صدیق نے دو، مصطفی منوں اور فہد نون نے ایک ایک گول سکور کیا۔ اختتامی تقریب میں بریگیڈیئر (ر) ہمایوں ملک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی