ننکانہ ، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن ، درجنوں پکڑے گئے
چونیاں(نامہ نگار) ایس ای قصور کی خصوصی ہدایت پر ایکسیئن چونیاں کی کارروائیاں۔ درجنوں بجلی چور دھر لئے گئے۔ متعدد کو جیل کی ہوا کھانا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ای لیسکو قصور نذیر لودھی کی خصوصی ہدایت پر ایکسیئن لیسکو ڈویژن چونیاں احمد شہزاد نے ایس ڈی او سب ڈویژن چونیاں سٹی سید تصدق حسین ، لائن سپرنٹنڈنٹ ملک سلیم، لائن سپرنٹنڈنٹ سید اصغر شاہ، لائن سپرنٹنڈنٹ احسان الحق پرویز، محمد اسلم و دیگر اہلکاروں کے ہمراہ چونیاں سب ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں کنڈے ڈال کر بجلی چوری کرتے ہوئے درجنوں بجلی چوروں کو دھر لیا گیا جن کے خلاف بجلی چوری کی ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں اور بجلی چوروں کو جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی ہے۔ علاوہ ازیں متعدد بجلی چوروں کو بھاری جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ایکسیئن لیسکو چونیاں احمد شہزاد نے چونیاں پریس کلب کے صحافیوں ملک شرافت علی، اعجاز احمد ملک، باغ علی بھٹی، بابر علی بشارت، سید علی عباس مشہدی، محمد قذافی بھٹی، سید عامر حسین تقوی، ڈاکٹر محمد حفیظ وغیرہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کیلئے رعایت کی قطعی طور پر کوئی گنجائش نہیں۔ بجلی چور بجلی چوری سے باز آجائیں بصورت دیگر جیل ان کا مقدر ٹھہرے گی۔