الیکشن 2018ء میں بہتر نتائج دینگے ، حکومت ختم نبوت میں نقب لگانے والے مجرموں کو بچارہی ہے ، سراج الحق

اسلام آباد، لاہور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے ضمنی الیکشن حکومت کا ہوتاہے جس میں عموماً وفاقی و صو بائی حکومتوں کے نمائندے ہی کامیاب ہوتے ہیں جو ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام کی مجبوریوں کو خریدتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کا کارکن اور ووٹر یکسو ہے وہ ہر لمحہ امید اور اللہ کی رضا سے سرشار رہتاہے کیونکہ وہ جانتاہے وہ حق پر ہے ۔ ہم حق و باطل کے معرکہ میں غیر جانبدار نہیں رہ سکتے ۔ سیاست اور جمہوریت پیسے کے ہاتھوں یرغمال ہیں لیکن ہمیں یقین ہے مستقبل عوام کا ہے اور مستقبل کی سیاست جاگیرداروں ، وڈ یر وں اور سرمایہ داروں کی نہیں دیانتدار اور کرپشن سے پاک لوگوں کی ہے ۔ قوم جانتی ہے جماعت اسلامی ہی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کے کسی کارکن کے دامن پر کرپشن ، کمیشن اور قرضے لے کر ہڑپ کرنے کا داغ نہیں ۔ 2018 ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی بہتر نتائج دے گی ۔ حکومت قوم سے اپنا وعدہ پورا اور ختم نبوت میں نقب لگانے کی کوشش کرنیوالوں کو بے نقاب کرکے انہیں سزا دے ۔ حکو مت مجرموں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے پی ایچ ڈیز کے کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا حکومت اسوقت کئی مسائل میں الجھی ہوئی ہے ۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جبکہ حکمران ذاتی مفادات کے پیچھے بھاگ رہے ہیں ۔ مستقبل کا پاکستان ایک اسلامی و خوشحال پاکستان ہوگا جس میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کی فلاح اور ملکی دفاع ہر چیز پر مقدم ہوگا ۔ دینی جماعتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور قومی و بین الاقوامی مسائل پر سب کی سوچ یکساں ہے ۔ قوم پاکستان کو مستحکم اور ترقی یافتہ اور بیرونی قرضوں کے بوجھ سے آزاددیکھنا چاہتی ہے ،جس میں عدلیہ کی بالادستی ہو اور ہر ایک کو انصاف ملے ۔ ملک میں تعلیم ، صحت اور روزگار کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے ۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں ۔ہم پاکستان کو باوقار ملک بنائینگے جو قرضہ لینے والا نہیں قرضہ دینے والا ملک ہوگا اور جس کو امریکی سیکر ٹر ی خارجہ وائسرائے کی طرح ڈکٹیٹ نہ کرسکے گابلکہ عالم اسلام فخر کرئے گا ۔ہم ویلفیئر پاکستان کا ایک قومی ایجنڈا دیں گے اور ماہرین کے مشورے سے جو ایجنڈا ترتیب دیا جائے گا وہ کسی پارٹی کا نہیں، ایک ریاستی ایجنڈا ہوگا ، اس کی تکمیل کیلئے تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔

سراج الحق

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...