تسلیم کرتا ہوں پارلیمانی نظام پورے نتائج نہیں دے سکا ،2018ء میں انتخابات نہ ہوئے تو وفاق پر سیاہ بادل منڈلائیں گے، رضا ربانی
کراچی (این این آئی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اگر2018میں انتخاب نہیں ہوئے تو وفاق پر سیاہ بادل منڈلائیں گے۔ ایک بار پھر صدارتی نظام کی بحث چھیڑی جارہی ہے۔ تسلیم کرتا ہوں کہ پارلیمانی نظام پوری طرح نتائج نہیں دے سکا ہے۔سیاسی جماعتوں کے علاوہ کوئی ادارہ وفاق کو دلدل سے نہیں نکال سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں سندھ لٹریچر فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سندھی ادب کے میلے کے دوسرے روز دانشوروں اور ادیبوں کے ساتھ سندھ کے سیاستدانوں اور اعلی پولیس حکام بھی شرکت کی۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ مشرف کو کٹہرے میں لانا تو دور کورٹ میں نہیں لاسکے،ایک آدمی جس نے آئین کو پامال کیا،وہ ملک کر چھوڑ کرچلاجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک مائنڈ سیٹ تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتا ہے۔بڑی مشکل سے اٹھارویں ترمیم پاس ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ 70برس بعد بھی یہ طے نہیں کرسکے کہ صدارتی نظام ہو یا پارلیمانی نظام ہو۔تسلیم کرتا ہوں کہ پارلیمانی نظام پوری طرح نتائج نہیں دے سکا ہے۔ایک بار پھر صدارتی نظام کی بحث چھیڑی جارہی ہے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ لوگوں میں سیاسی شعور لازم ہے۔سول سوسائٹی جب تک ماورائے اقدام کے خلاف نہیں اٹھیں گے تو راہ پر نہیں چل سکیں گے۔پارلیمان کو احساس دینا ہوگا کہ وہ عوام کے ایشوزکو حل کررہی ہے۔پارلیمان ختم ہوتو دیگر ممالک میں لوگ سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد کرنے والا سیاسی کارکن اب گھر بیٹھ گیا ہے جوکہ بدقسمتی کی بات ہے ۔سیاسی جماعتوں میں پیراشوٹرز آگے آگئے ہیں۔ آجکل کے سیاسی جلسوں کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ جلسوں میں جس طرح کی زبان,الزامات لگائے جارہے ہیں۔ماضی میں کبھی سیاسی جلسوں میں ایسی زبان استعمال نہیں ہوتی تھی۔اگر اپنا حق لینا ہو تو اپنا دامن صاف ہونا چاہیے۔اب غیرعوامی سیاست ہیدنیا بھر میں قیادت کا بحران ہے۔جب امریکہ کا صدر ٹرمپ ہوجائے تو پھرکیا ہوا۔ ریاست نے مزدور،کسان نوجوان کوسوچے سمجھے فیصلے کے تحت ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ کافی ہاوس کلچر کو جان بوجھ کر ختم کیا گیا۔ نظریاتی سیاست ختم ہورہی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے علاوہ کوئی ادارہ وفاق کو دلدل سے نہیں نکال سکتا ہے۔ درسی کتب میں آج بھی آمریت کے فوائد پڑھائے جاتے ہیں۔ اگر دوہزار اٹھارہ میں الیکشن نہیں ہوئے تو سیاہ بادل وفاق پر منڈلائیں گے۔