عوام ہر موقع پر یوٹرن لینے والوں کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ، شہباز شریف

عوام ہر موقع پر یوٹرن لینے والوں کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ، شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دیہات میں صفائی اورترقیاتی پروگرام کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔اس مقصد کے لئے 19ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت یونین کونسل کی سطح پر صفائی اور ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے اوربلدیاتی اداروں کے نمائندے سکیموں کی نشاندہی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس امر کی منظوری ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رورل سینیٹیشن اینڈ ڈویلپمنٹ پروگرام دیہات میں مثبت تبدیلی لائے گااوراس پروگرام کے ذریعے گاؤں کی سطح پر صفائی ستھرائی کاموثر نظام وجود میں آئے گا۔اس پروگرام پر پیشہ ورانہ مہارت اور شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے لئے مختص وسائل کا شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔یہ پروگرام ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ کی طرح دیہی زندگی کو یکسر بدل دے گا۔وزیراعلی نے پروگرام پر عملدرآمد او رمانیٹرنگ کے لئے صوبائی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر قانون ء صوبائی وزیر بلدیات، اور صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات سٹیئرنگ کمیٹی کو مشترکہ طور پر ہیڈ کریں گے جبکہ کمیٹی میں چیئرمین ضلع کونسلزاور میئرز بھی شامل ہوں گے۔صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ ، منشا اللہ بٹ،ملک ندیم کامران ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایم این اے حمزہ شہبازشریف ،سینیٹرسعود مجید ،ایم این اے مہر اشتیاق احمد، چیف سیکرٹری، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، نارووال ،شیخوپورہ، قصور،چکوال کے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز،لارڈ میئر لاہور اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما سینیٹر سلیم ضیاء نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ بعض سیاسی مخالفین نے جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشی کے ریکارڈ بنائے ہیں۔ 21 کروڑ عوام ہر موقع پر یوٹرن لینے والوں کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ پاکستان میں دشنام طرازی کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی 20 میچ کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔شائقین کرکٹ بہترین ماحول میں کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ پاکستان کے شائقین کرکٹ کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا طویل عرصہ سے انتظار تھا۔ زندہ دلان لاہور مہمان ٹیم کا بھرپور استقبال کریں گے اورشائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اچھی طرز حکمرانی کے ذریعے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے نئی مثال قائم کی ہے اورترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں ایسی بے مثال بچت کی کوئی دوسری نظیر موجود نہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کے باعث بچائے گئے اربوں روپے کے وسائل فلاح عامہ پر صرف کررہے ہیں جبکہ ماضی کے ادوار میں وسائل کو بے دردی سے لوٹاگیا تاہم مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وسائل کو عوام کی امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ ماڈل مویشی منڈیاں قائم کر کے دہائیوں پرانے استحصالی نظام کو دفن کیاگیا ہے جبکہ میٹرو بس سروس کے ذریعے عام آدمی کو باوقار ،باکفایت اورجدید سفری سہولتیں فراہم کی ہیں ،اسی طرح اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی عام آدمی کوعالمی معیار کی ٹرانسپورٹ کی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے بنایا جارہا ہے ۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...