جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا امریکہ کیلئے ناقابل قبول ، جم میٹس

 واشنگٹن ( بیورورپورٹ ) امریکہ کوجوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ واشنگٹن میں جاری ہونے والی پینٹاگون کی ایک پریس ریلیز کے مطابق امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے سیول میں اپنے ہم منصب سانگ ینگ مو سے مذاکرات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں اس امریکی مؤقف کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ’’شمالی کوریا کے آمر کم یانگ ان کی گزشتہ ایک دو سالوں میں توسیع پذیر غیر قانونی سرگرمیوں کو پوری دنیا نے دیکھا ہے۔ اس کی روشنی میں میں یہ نہیں سمجھتا امریکہ شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر قبول کرے گا‘‘۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا سال رواں کے آغاز میں جنوبی کوریا کے ان کے دورے کے بعد اب شمالی کوریا زیادہ خطرناک ہوگیا ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں اس نے انٹر کانٹی نینٹل بیلسٹک میزائل کے دو تجربات کئے ہیں اور جاپان کے پار درمیانی رینج کے دو بیلسٹک میزائل گرائے ہیں اور پانچواں جوہری تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا کو یقین دلایا امریکہ اس کیساتھ دو طرفہ اتحاد پر پوری طرح عمل پیرا ہے اور جنوبی کوریا کے دفاع کیلئے اقوام متحدہ کے مشن کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ یقیناًہمارا ترجیحی لائحہ عمل سفارتکاری ہی ہے لیکن جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہمارے سفارتکار اس وقت زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں جب ایسی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ان کی پشت پر ایک قابل اعتبار فوجی طاقت موجود ہو۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...