لاہور میں انسانی اعضاءکی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والا گروہ گرفتار
لاہور(ویب ڈیسک) ٹائون شپ کے علاقے میں چھاپے کے دوران انسانی اعضاءکی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔
نجی نیوز چینل کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے علاقہ ٹائون شپ میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے گروہ کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مارا جس کے دوران انسانی اعضاءکی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسپتال کا دیگر عملہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث ڈاکٹر عابد اور نجی ہسپتال کے مینجر سرفراز کو گرفتار کر لیا گیا اور دونوں سے اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پنجاب ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں 15افراد کام کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ ملزمان نے فرار ہونے کے لیے آپریشن تھیٹر کے دس خفیہ راستے بنا رکھے تھے۔