این اے 124سے (ن) لیگ کے ملک غلام محمد اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

این اے 124سے (ن) لیگ کے ملک غلام محمد اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل
این اے 124سے (ن) لیگ کے ملک غلام محمد اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

  

لاہور (آن لائن)حلقہ این اے 124سے مسلم لیگ (ن) کی اہم شخصیت ملک غلام محمد نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔اس سلسلہ میں غازی آباد میں تقریب کا انعقاد کیا جہاں تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ کی موجودگی میں اعلان کیا گیا۔اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ کارکن ڈھول کی تھا پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے ۔

جمشید اقبال چیمہ نے ملک غلام محمد کو ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دیرینہ وابستگی رکھنے والے بھی حکمران جماعت کی پالیسیوں اور رویے کے باعث ان سے نالاں ہیں ۔ (ن) لیگ جن رہنماؤں اور کارکنوں کی محنت اور قربانیوں سے اقتدارمیں آتی رہی انہی کو نظر انداز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور پنجاب میں ترقی کے دعوے جھوٹے ہیں ،لاہور میں بھی صرف ان مقامات کو ترقی دی گئی جہاں حکمرانوں کے اپنے گھر اور دفاتر ہیں ۔لاہور جیسے شہر میں عوام کو پینے کاصاف پانی میسر نہیں جبکہ صحت کی سہولیات بھی عوام کے سامنے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد سے حکمرانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کا کاروبار تو جمع کی بجائے ضرب سے ترقی کر رہا ہے جبکہ عوام اور ملک کی ترقی مائنس میں جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان عوام کی زندگیوں میں آسودگی لانے اور ملک کو مہذب ممالک کی فہرست میں شامل کرانے کے لئے سماجی اور معاشی انصاف کے حصول کی جنگ لڑ رہے ہیں اسی وجہ سے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ملک غلام محمد نے کہا کہ کسی عہدے کے لالچ میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوئے بلکہ عوام کو انکے حقوق کا شعور دینے کی جدوجہد میں عمران خان کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔ 

مزید : لاہور