سوات کو ڈویژن بنانے کا مطالبہ ،آج تک پاکستان پر اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں نے حکومت کی ، انتخاب سے پہلے اس ملک میں احتساب ضروری ہے:سینیٹر سراج الحق

سوات کو ڈویژن بنانے کا مطالبہ ،آج تک پاکستان پر اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں نے ...
 سوات کو ڈویژن بنانے کا مطالبہ ،آج تک پاکستان پر اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں نے حکومت کی ، انتخاب سے پہلے اس ملک میں احتساب ضروری ہے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مینگورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے سوات کو ڈویژن کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کلین اور گرین پاکستان چاہتے ہیں، کرپشن سے پاک، کلین اور درختوں سے بھرے گرین پاکستان کیلئے آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے، انتخاب سے پہلے اس ملک میں احتساب ضروری ہے ، 70 سالوں سے اس ملک اور قوم کے پیسوں کو لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے،پاکستان پر بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں نے آج تک حکومت کی ، اب پاکستان کا نوجون جاگ اٹھا ہے اور آنے والے انتخابات میں پاکستانی عوام میری پشت پر کھڑی ہوکر عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے،جماعت اسلامی کے پاس ملک و قوم کے مسائل کا حل اور صالح ایماندار قیادت ہے اور یہی قیادت غریب عوام کے دکھ درد سے واقف ہے،آنے والے انتخابات میں نااہل افراد کی الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔

 گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت میں سب سے پہلے 70 سالوں کو ملک و قوم کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائیگا،  اُن سے اس قوم کے کھربوں ڈالرز جو بیرونی ممالک کے بنکوں میں پڑے ہیں واپس لاکر قوم کی اس لوٹی ہوئی رقم سے اس ملک کو خوشحال بنائیں گے،  ملک لوٹنے والوں کو ایسی عبرتناک سزا دیں گے کہ آئندہ کوئی بھی شخص پاکستان کا ایک روپیہ چوری کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکے گا، ہماری حکومت میں ملک میں تعلیم مفت ہوگئی، نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی، ملک میں انصاف اور علاج مفت ہوگا،  بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملنے تک ریاست بے روزگار الاؤنس دے گی، ستر سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا، لوٹی گئی اس ملک و قوم کی رقم کو واپس لاکر وہی رقم اس ملک کے لوگوں پر خرچ کریں گے، یہ ملک تیس سال تک ٹیکس فری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن ختم ہوچکی ہے اور مصنوعی لیڈر شپ جو میڈیا کو خرید کر ہر وقت ٹی وی پر نظر آرہی ہے یہ بھی ختم ہونے والی ہے، اس وقت ملک کے ایوانوں میں اکثر چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس ایوان میں مزدور، غریب لوگ آئیں جو چوری کرنے کی بجائے عوام کی بے لوث خدمت کریں، ان ایوانوں میں بیٹھے جاگیرداروں نے اس ملک کو بے روزگاری، غربت، لوڈ شیڈنگ اور احساس محرومی کے تحفے دئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں بلا تفریق احتساب چاہتے ہیں، ملک لوٹنے والوں کا، لینڈ مافیا کا، شوگر مافیا کا، ڈرگ مافیا کا احتساب جب تک نہیں ہوگا یہ ملک ترقی نہیں کر سکے گا،  انتخاب سے پہلے اس ملک میں احتساب ضروری ہے۔ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں اور انتخاب و احتساب ساتھ ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آفت زدہ ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک میں شامل کیا جائے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے گراسی گراؤنڈ کے جلسہ میں 6750 افراد نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ جلسہ میں پی کے 80 سے3200، پی کے 81سے 200، پی کے 82سے 675، پی کے 83سے 175، پی کے 84سے300، پی کے 85سے2000سے زائد اورپی کے86سے200سے زائد افراد نے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا اور ان تمام افراد کو جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا ۔

مزید :

قومی -