لندن سے ڈکٹیشن لینے والی کٹھ پتلی حکومت ملکی معیشت و سا لمیت کیلئے خطرہ ،ڈمی لیڈر شپ زیادہ دیر نہیں چل سکتی :عبد العلیم خان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ لندن سے ڈکٹیشن لینے والی نواز لیگ کی کٹھ پتلی حکومت ملکی معیشت و سا لمیت کیلئے خطرہ بن چکی،وزیر اعظم خاقان عباسی چھینک مارنے سے پہلے بھی لندن سے رجوع کرتے ہیں،ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے سے نااہل ہونے والے نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی،اقتدار کو خاندان میں رکھنے کیلئے خاقان عباسی کو ڈمی وزیر اعظم بنا کر مریم نواز کو لیڈر بنانے کی ناکام کوشش کی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی امور عبوری انداز میں چلا کر سرکاری وسائل سمیت پوری توانائی اداروں کیخلاف محاذ آرائی کیلئے استعمال کی جارہی ہے،ڈمی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جو کرپٹ مافیا کا ساتھ دینے کیلئے روز لندن دوڑا چلا جاتا اور وزیر اعلیٰ شہباز شہباز شریف کے بلانے پر سر کے بل چل کر لاہور پہنچتا ہے،دوسری طرف ملک پر قرضوں کا بوجھ اور عوامی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ تو صنعتوں کو تباہ کررہی رہی تھی،ابھی موسم سرما شروع نہیں ہوا کہ گیس بھی ناپید ہونا شروع ہوگئی ہے،لوگ مہنگائی پر بلبلا اٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفرور سابق وزیر اعظم نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کے بجائے اداروں کو چکمے دینے میں مصروف ہیں جبکہ پاکستان میں موجود کرپٹ مافیا کو عدلیہ کیخلاف پراپیگنڈا کی مہم پر لگا رکھا ہے،یہ ڈرامہ زیادہ دیر چلنے والا نہیں، چوہدری نثار نے عدلیہ مخالف مہم کی وجہ سے پارٹی عہدہ قبول نہ کرنے کا بیان دیکر اختلافات کی اصلیت کھول دی ہے، آگے چل کر کئی حواری بھی نواز لیگ کی ڈوبتی کشتی سے چھلانگیں مارتے نظر آئیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ملک بھر میں مقبول ترین جماعت بن چکی ہے،کرپشن کیلئے مک مکا کی سیاست کرنے والے زرداری ٹولے سمیت سب عوام کی نظروں میں گر چکے ہیںاورآئندہ انتخابات میں ووٹر ان سے اپنی محرومیوں کا انتقام لینگے۔