جے یو آئی کے اہم رہنما کوگولیاں مار کر قتل کردیاگیا
باجوڑ (ڈیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے جمعیت علماءاسلام ف (جے یو آئی ف) کے مقامی رہنما مفتی سلطان محمود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
انگریزی جریدے ڈان کے مطابق مفتی سلطان محمود پر پیر کے روز اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ نمازِ فجر کی ادائیگی کیلئے جارہے تھے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ میں مفتی سلطان محمود شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ خار ہسپتال منتقل کیا گیا۔قاتلانہ حملے کی خبر ملتے ہی پارٹی رہنمااور کارکنان کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر پہنچ گئی ۔ بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا۔ دن بھر ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوششیں کرتے رہے تاہم وہ رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں نے اخبار کو بتایا کہ 37 سالہ مفتی سلطان کو نچلے دھڑ میں تین گولیاں لگیں،۔
ڈی پی او پیر شہاب علی شاہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ۔
مفتی سلطان محمود باجوڑ کی تحصیل ماموند میں جمعیت علماءاسلام کے امیر تھے۔ انہوں نے انتخابات کے دوران پی کے 102 سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا۔