پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ اچانک انتہائی کم ہوگئی، وجہ بھی سامنے آگئی

پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ اچانک انتہائی کم ہوگئی، وجہ بھی سامنے آگئی
پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ اچانک انتہائی کم ہوگئی، وجہ بھی سامنے آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والی 2 اہم ترین سب میرین کیبلز آف لائن ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ انتہائی کم ہوئی ہے۔
پرو پاکستانی کے مطابق IMEWE اور SEAMEWE 4 نامی کیبلز پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کا 50 فیصد وزن اٹھاتی ہیں ، یہ دونوں کیبلز ایک تکنیکی خرابی کا شکار ہوئی ہیں تاہم ابھی تک یہ پتا نہیں چل سکا ہے کہ خرابی کس جگہ پر ہوئی ہے۔ کیبلز میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث پاکستان کے انٹرنیٹ صارفین کو اس وقت تک مسائل کا سامنا رہے گا جب تک ان کا فالٹ دور نہیں کردیا جاتا۔
انٹرنیٹ سروس پرووائڈرز (آئی ایس پی ) کا کہنا ہے کہ وہ دوسری سب میرین کیبلز پر لوڈ شفٹ کررہے ہیں جس کے باعث سپیڈ میں بہتری آجائے گی لیکن جب تک مذکورہ بالا کیبلز ٹھیک نہیں ہوجاتیں تب تک مسائل موجود رہیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا سے جوڑنے کیلئے 6 سب میرین کیبلز لگائی گئی ہیں جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔ مثال کے طور پر عمان کو ہی دیکھ لیں جو پاکستان کے مقابلے میں بہت ہی چھوٹا سا ملک ہے لیکن اس کی سب میرین کیبلز کی تعداد ہم سے کہیں زیادہ ہے۔ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ ہونے والی ہے ، ایسے میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی کیبلز لگنے کے بعد نہ صرف انٹرنیٹ کی سپیڈ میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے پاکستان کو معاشی طور پر بھی خاصا فائدہ ہوگا۔

دوسری طرف پاکستان ٹیلی کمیونیکشن لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل) نے بھی بین الاقوامی کیبل میں خرابی کی تصدیق کی ہے۔فیس بک پوسٹ میں پی ٹی سی ایل نے بتایا کہ زیرآب کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان سمیت متعدد ممالک میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔پوسٹ کے مطابق ادارے کی تیکنیکی ٹیمیں انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے لیے کام کررہی ہیں اور اس حوالے سے ہم مشکلات پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔